پاکستان

'پیٹرول بحران کی وجہ اعداد و شمار میں غلفت'

ن لیگ کے رہنما طارق فضل کا کہنا ہے کہ پیٹرول بحران کے ذمہ داروں کے خلاف ہر صورت کارروائی کی جائے گی۔

اسلام آباد: حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں جاری پیٹرول بحران کی وجہ اعداد و شمار میں غفلت ہے۔

ڈان نیوز کے پروگرام نیوز آئی میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پی ایس او کے اس بیان کو بھی مسترد کیا جس میں میں کہا گیا تھا کہ 30 دسمبر کو پیٹرول کی قلت کے بارے میں حکومت کو ایک خط کے ذریعے آگاہ کردیا گیا تھا۔

تاہم، ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ جلد از جلد بحران پر قابو پا لیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیٹرول بحران میں جو لوگ بھی ملوث ہیں اور اس کے ذمہ دار ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

طارق فضل کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے اس کی طلب میں اضافہ ہوا جس کا درست طریقے سے اعداد و شمار نہیں کیا گیا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ وزیراعظم کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں اسے بارے میں بات کی گئی اور کچھ افسران کو پہلے ہی معطل کیا جاچکا ہے۔

گزشتہ ہفتے سے پنجاب میں پیٹرول کا بحران سنگین شکل اختیار کر گیا ہے اور زیادہ ترپیٹرول پمپس پر پیٹرول کی قلت کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔