لاہور ہائی کورٹ میں ایاز صادق کی درخواستیں مسترد
لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی جانب سے دائر کی گئی لاہور کے حلقے این اے 122 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی اورالیکشن ٹریبونل کے جج کاظم ملک کے خلاف توہین عدالت کی درخواستوں کو مسترد کردیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی جانب سے دو مختلف درخواستیں دائر کی گئی تھیں۔
ایک درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ این اے 122 کی دوبارہ گنتی کے فیصلے کو خارج کیا جائے، جبکہ دوسری درخواست میں انھوں نے الیکشن ٹریبونل کے جج کاظم ملک کے خلاف توہین عدالت کی درخواست بھی دائر کی تھی۔
مزید پڑھیں:این اے 122 میں دوبارہ گنتی کا فیصلہ چیلنج
تاہم لاہور ہائی کورٹ کے جج مسٹر جسٹس اعجاز الاحسن نے منگل کو یہ کہہ کر دونوں درخواستیں خارج کردیں کہ الیکشن ٹریبونل کے فیصلے پرعبوری حکم جاری نہیں کیا جا سکتا۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے اسپیکر قومی اسمبلی اور حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار ایاز صادق کے خلاف گزشتہ عام انتخابات کے دوران حلقہ این اے 122 میں دھاندلی کا الزام عائد کررکھا ہے۔
رواں ماہ مذکورہ کیس کی سماعت کے دوران الیکشن ٹریبونل نے این اے 122 میں مبینہ دھاندلی کی تصدیق کے لیے ووٹوں کے تھیلوں کو کھولنے کا حکم جاری کیا تھا۔
جس کے بعد سردارایاز صادق نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے فیصلے کو چیلنج اور ٹربیونل کے جج جسٹس کاظم ملک کے خلاف توہین عدالت کی پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
تاہم آج لاہور ہائی کورٹ نے ایاز صادق کی دونوں درخواستوں کو ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کردیا ہے۔