پاکستان

مبینہ دھاندلی: این اے 122 کے بیگز کھولنے کا حکم

الیکشن ٹریبونل نے مبینہ دھاندلی کے خلاف عمران خان کی درخواست قبول کرتے ہوئے ووٹوں کے تھیلوں کھولنے کا حکم جاری کیا ہے۔

لاہور : الیکشن ٹریبونل لاہور نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 میں مبینہ دھاندلی کی تصدیق کے لیے ووٹوں کے تھیلوں کو کھولنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔

لاہور کے اس حلقے سے موجودہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو شکست دے کر کامیاب قرار پائے تھے۔

تاہم پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے اسپیکر قومی اسمبلی اور حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار ایاز صادق کے خلاف گزشتہ عام انتخابات کے دوران حلقہ این اے 122 میں دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے الیکشن ٹریبونل سے رجوع کیا تھا۔

ڈان نیوز کے مطابق الیکشن ٹریبونل نے آج عمران خان کی درخواست قبول کرتے ہوئے حلقے میں ووٹوں کے بیگز کھولنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔

دوسری جانب سردارایاز صادق کے وکلاء نے الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کو متنازع قراردے کر اپیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کو اس کیس کی سماعت کے دوران پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نےالیکشن ٹریبونل کے سامنے پیش ہوکر اپنا بیان ریکارڈ کروادیا۔


مزید پڑھیں: این اے 122 دھاندلی کیس: عمران خان کا بیان ریکارڈ


بیان قلمبند کروانے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ انھوں نے اپنا موقف سامنے رکھ دیا ہے اور ان کی جانچ پڑتال کے بعد سب کو پتہ چل جائےگا کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی ہے۔