پاکستان

سرگودھا ہلاکتوں پر سپریم کورٹ کا نوٹس

عدالت نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں نومولود بچوں کی ہلاکت کا نوٹس لے کرسیکریٹری صحت سے 48 گھنٹے میں رپورٹ طلب کرلی۔

اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے سرگودھا کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں نومولود بچوں کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے پنجاب کے سیکریٹری صحت سے 48 گھنٹے میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔

واضح رہے کہ آج دو نوزائیدہ بچوں کی ہلاکت کے بعد گزشتہ ہفتے سے لے کر اب تک ہلاک ہونے والے بچوں کی تعداد 27 ہوگئی ہے۔

دوسری جانب ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور کچھ دیگرحکام کوپنجاب حکومت کی جانب سے کی گئی انکوائری کے بعد نوزائیدہ بچوں کی ہلاکت کے سلسلے میں مبینہ طور پر غفلت برتنے پر معطل کردیا گیا ہے۔


مزید پڑھیں: سرگودھا: ہسپتال میں 8 نوزائیدہ بچوں کی ہلاکت


واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سرگودھا کے ایک ہسپتال میں ایک ہی دن میں 8 نوزائیدہ بچے ہلاک ہوگئے تھے۔

لواحقین کے مطابق ہلاکتیں ہسپتال میں انکوبیٹر نہ ہونے کی وجہ سے ہوئیں ۔

دوسری جانب ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈاکٹر اقبال سمیع کا کہنا تھا کہ بچوں کی اموات کی وجہ قبل ازوقت پیدائش ہے۔

جس پر وزیرِاعلیٰ پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا تھا ۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو پیش کی گئی انکوائری رپورٹ میں بچوں کی ہلاکت کے سلسلے میں ڈاکٹروں کی غفلت اور فنڈز کی کمی کو قصور وارٹھہرایا گیا تھا۔

رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ اموات کی ایک وجہ ادویات کی کمی بھی تھی، اسی طرح اسپتال کی ابترصورتحال اورجدیدطبی سہولتوں کے فقدان کو بھی ذمہ دار قراردیاگیا ۔

دوسری جانب پنجاب میڈیکل ایسو سی ایشن (پی ایم اے) کے پنجاب چیپٹر نے ہسپتال کے طبی عملے کی گرفتاری کے خلاف بائیکاٹ کر رکھا ہے۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر سکندر وڑائچ نے ان الزامات کو مسترد کردیا ہے کہ بچوں کی ہلاکت ڈاکٹروں اور ہسپتال عملے کی غفلت کی وجہ سے ہوئی۔