پاکستان

دھرنا ’معاشی دہشت گردی‘ ہے، احسن اقبال

اسلام آباد دھرنے کے باعث پاکستانی معیشت کو اربوں روپوں کا نقصان ہو رہا ہے، وفاقی وزیر۔

سیالکوٹ: پاکستان کے وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ سیاسی اور معاشی ترقی کے لیے حکومتی پالیسیز میں تسلسل ضروری ہے۔

نارووال ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے پاکستان تحریک انصاف پر منفی سیاست میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ عمران خان کو ’نئے پاکستان‘ سے پہلے ’نیا خیبر پختونخوا‘ بنانا چاہیے۔

اس سے قبل لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ اسلام آباد دھرنے کے باعث پاکستانی معیشت کو اربوں روپوں کا نقصان ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان 2018 میں انتخابات سے خوفزدہ ہیں کیوں کہ تب تک متعدد ترقیاتی پراجیکٹ مکمل ہوجائیں گے اور ن لیگ کی مقبولیت میں اضافہ ہوگا۔

وفاقی وزیر نے دھرنے کی سیاست کو معاشی دہشت گردی قرار دیا کیوں کہ اس سے ملک کے کسانوں، مزدوروں اور ملکی برآمدات کو شدید نقصان ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مودی، عالمی بینک، ایشین ڈیویلپمنٹ بینک اور دیگر بین الاقوامی اداروں نے گزشتہ سال کی پاکستان کی کارکردگی کو سراہا تھا اور ان کے مطابق یہ درست سمت میں چل رہی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ملک کی جو امیج بنادی ہے اس سے ملک کو نقصان پہنچا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت نے بغیر کسی امتیاز کے ان منصوبوں پر کام کا آغاز کیا جن پر لاگت کم اور ترقی زیادہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ ’روشن پاکستان‘ یا ’نیا پاکستان‘ اس وقت ہی ممکن ہوگا جب متحد ہوکر چلنجز کا سامنا کیا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت وزیراعظم کے معاشی ایجنڈے پر چلتے ہوئے معیشت کو مضبوط کرنے کی کوشش کررہی ہے۔