اٹک: فضائیہ کے ریٹائرڈ احمدی افسر فائرنگ سے ہلاک
اسلام آباد: نامعلوم مسلح افراد نے اٹک میں پاک فضائیہ کے ایک ریٹائرڈ احمدی افسر کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا ہے جس کے بعد رواں سال اس کمیونٹی کے قتل کیے جانے والے افراد کی تعداد سات ہوگئی ہے۔
کمیونٹی کے ترجمان کے مطابق یہ واقعہ اٹک ضلع میں کامرہ کے مقام پر پیش آیا جو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے 64 کلو میٹر دور ہے۔
سلیم الدین کے مطابق لطیف عالم بٹ نامور احمدی تھے جنہیں کامرہ میں فائرنگ کرکے اس وقت ہلاک کیا گیا جب وہ اپنے اسٹیشنری اسٹور سے واپس گھر آرہے تھے۔
مقامی پولیس نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ بٹ کی عمر 62 سال تھی۔ تاحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ فضائیہ میں انہوں نے کس عہدے پر خدمات سرانجام دی تھیں۔
مقامی پولیس افسر قاسم علی نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ مقتول کے بیٹے نے پولیس اسٹیشن میں رپورٹ درج کروادی ہے۔
مزید پڑھیں: پنجاب: توہین مذہب کے الزام میں احمدی قتل
علی نے مقتول کے بیٹے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کے والد کی صدر مارکیٹ میں اسٹیشنری کی دکان تھی اور یہ واقعہ ان کے گھر لوٹتے وقت پیش آیا۔
بٹ کے پڑوسیوں نے واقعہ رپورٹ کیا، انہیں مقامی ہسپتال لے جایا گیا جہاں انہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ سندھ کے شہر میرپور خاص میں ایک احمدی ڈاکٹر کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا گیا تھا۔
جولائی میں گوجرانوالا میں مبینہ توہین مذہب پر مشتعل ہجوم کے حملے میں تین احمدی ہلاک جبکہ چار زخمی ہو گئے تھے۔