پاکستان

وزیراعلیٰ بلوچستان کا زیارت کی خوبصورتی بحال کرنے کا عزم

گزشتہ روز دورہ زیارت کے موقع پر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی کے لیے حکومت تمام ضروری اقدامات کرے گی۔

کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نےکہا ہے کہ عوام کی فلاح اور بہبود کے لیے تمام تر وسائل کو بروئےکار لایا جائے گا۔

ہفتے کو اپنے دورہ زیارت کے موقع پر ڈاکٹر عبدالمالک نے قبائلی عمائدین اور سیاسی ورکرز سے بات کرتے کہا کہ زیارت کو زیارت سیاحت کا گڑھ بنانے کے لیے یہاں کے لوگوں کا تعاون بہت ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہر کی خوبصورتی کے لیے حکومت تمام ضروری اقدامات اٹھائےگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ زیارت میں شہریوں کو تمام تر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گیں۔

انہوں نے کہا کہ زیارت شہر ایک قومی اثاثہ ہے اور حکومت اس کی قدرتی خوبصورتی کو بحال کرنے کے لیے ہر ممکن کام کرے گی۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے وفاق کے ساتھ ملکر زیارت کے لیے متعدد منصوبوں پر بات کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان منصوبوں میں جنگلات کا تحفظ، شمسی توانائی، وادیِ زیارت ٹرسٹ اور مختلف ڈیمز کے منصوبے شامل ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ زیارت کالج کو جلد شہریوں کے کھول دیا جائے گا۔

اس موقع پر انہوں نے زیارت میں اسکولوں کے 10 ملین روپے کی امداد، شہر میں تعلیمی اداروں کے لیے دو بسوں، کسانوں کے لیے دو بیلڈوزرز، شہری خوبصورتی اور ترقیاتی کاموں کے لیے 30 ملین روپے جاری کرنے کا بھی اعلان کیا۔

اس کے علاوہ انہوں نے شہر کے ہسپتال کے لیے ایک ایمبولینس اور ڈسٹرکٹ بار کے ہر پریس کلب کے لیے پانچ لاکھ روپے کا بھی اعلان کیا۔