پاکستان

ٹڈاپ کرپشن کیس : مخدوم امین فہیم کی ضمانت منظور

وفاقی انسدادِ بدعنوانی کی عدالت نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی ضمانت میں بھی پانچ اگست تک توسیع کردی ہے۔

کراچی: وفاقی انسدادِ بدعنوانی کی عدالت نے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ) اسکینڈل میں سابق وفافی وزیر تجارت مخدوم امین فہیم کی ضمانت منظور کرلی ہے ، جبکہ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی ضمانت میں بھی پانچ اگست تک توسیع کردی گئی ہے ۔

ڈان نیوز ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سابق وفاقی وزیر مخدوم امین فہیم کراچی کی وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ پہنچے تو کارکنوں کی بڑی تعداد نے کمرۂ عدالت کے باہر نعرے بازی شروع کردی، جس کے باعث کیس کی سماعت کمرہ عدالت کے بجائے جج کے چیمبر میں ہوئی۔

عدالت نے دو لاکھ روپے کے مچلکے کے عوض مخدوم امین فہیم کی بارہ مقدمات میں ضمانت منظور کی ہے جبکہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی ضمانت میں بھی پانچ اگست تک توسیع کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں کو اگلی سماعت میں حاضری سے مستثنیٰ قرار دے دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور مخدوم امین فہیم پر ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان میں کرپشن کے الزامات کے تحت ایف آئی اے کی جانب سے مقدمات درج کیے گئے تھے۔

اس سے قبل امین فہیم نے ایف آئی اے کے خلاف درخواست دائر کی تھی جس میں یہ مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ انہیں سیاسی طور پر انتقامی کارروائی کا نشانہ بناتے ہوئے ہراساں کیا جا رہا ہے۔

جس پر سندھ ہائی کورٹ نے فاروق ایچ نائیک کے دلائل سننے کے بعد سابق وزیر تجارت امین فہیم کو گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا تھا۔