پنجاب کے پہلے کول پاور پلانٹس کا سنگ بنیاد
اسلام آباد : وزیراعظم نواز شریف نے جمعہ کو ساہیوال میں کوئلے سے چلنے والے دو تھرکول پاور پلانٹس کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
پی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق چین کے تعاون سے لگائے جانے والے دونوں کول پاور پلانٹس سے 1320 میگا واٹ بجلی حاصل ہوگی۔
ایک سو اٹھاون ارب روپے لاگت پر مشتمل پاکستان اور چین کے اس مشترکہ منصوبے کی تکمیل نومبر 2016 ء تک ہوگی۔
واضح رہے کہ پنجاب میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے ۔
پنجاب میں کوئلے کے 50 کروڑ ٹن سے زیادہ کے ذخائر موجود ہیں جس کے باعث مستقبل میں کوئلے سے چلنے والے 6 مزید منصوبوں کے لئے مقامات کی نشاندہی بھی کردی گئی ہے۔
پاکستان اور چین کی شراکت سے تعمیر کیا جانے والا منصوبہ سپر کریٹیکل ٹیکنالوجی کے تحت کام کرے گا جو کہ نہایت محفوظ ٹیکنالوجی ہے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور پانی و بجلی کے وزیر مملکت عابد شیر علی بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔