پاکستان

' نابالغ بچوں کی شادی پر پابندی غیر اسلامی '

کونسل کے دو روزہ اجلاس کے اختتام پر کہا گیا کہ بچوں کی شادی کیلئے کم سے کم عمرکا تعین نہیں کیا جاسکتا۔

اسلام آباد: اسلامی نظریاتی کونسل (سی آئی آئی) نے کم عمری میں شادی پر پابندی کو غیر اسلامی قرار دے دیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق کونسل کے دو روزہ اجلاس کے اختتام پر کہا گیا کہ بچوں کی شادی کیلئے کم سے کم عمرکا تعین نہیں کیا جاسکتا۔

اجلاس کے دوران کہا گیا کہ اسلامی تعلیمات کے مطابق کم عمری کی شادی کی ممانعت نہیں ہے۔

اجلاس میں مزید کہا گیا کہ نکاح کے لیے کوئی عمر مقرر نہیں کی جاسکتی تاہم رخصتی کے لیے بلوغت کا ہونا لازمی قرار دیا گیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز کی ملاقات کے دوران چیئرمین مولانا محمد خان شیرانی نے کہا تھا کہ پہلی بیوی کی موجودگی میں دوسری شادی کے قوانین مذہبی اصولوں کے خلاف ہیں۔

اسلامی نظریاتی کونسل کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ’’شریعت اجازت دیتی ہے کہ کوئی شخص ایک سے زیادہ شادی کرسکتا ہے اور ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت اس قانون میں ترمیم کرے۔‘‘

پاکستانی قوانین کے مطابق کسی بھی شخص کو دوسری شادی کرنے کے لیے اپنی پہلی بیوی سے اجازت لینا لازمی ہے۔

قوانین میں یہ لازمی ہے کہ کوئی بھی شخص اگر دوسری شادی کرنا چاہتا ہے تو وہ تحریری طور پر اپنی موجودہ بیوی یا بیویوں کو مطلع کرے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو ایک سے زائد شادی کرنے کے عمل کو شریعت کے مطابق آسان بنانے کے لیے اس قانون میں ترمیم کرنی چاہیے۔

قوانین کے مطابق خواتین کے لیے شادی کی کم سے کم عمر 16 جبکہ مردوں کے لیے 18 ہونا لازمی ہے۔