مولانا سمیع الحق کا ٹی ٹی پی شوریٰ سے رابطہ
پشاور: طالبان کی مذاکراتی کمیٹی کے کوآرڈیننٹر مولانا سمیع الحق نے آج بدھ کے روز تحریک طالبان پاکستان کی شوریٰ سے رابطہ کرکے انہیں کمیٹی کی کچھ گزارشات پیش کیں۔
ذرائع نے ڈان نیوز کو بتایا کہ مولانا سمیع الحق نے آج صبح طالبان شوریٰ سے رابطہ کیا۔
اسی دوران طالبان کمیٹی کے ایک اور رکن مولانا یوسف شاہ نے ڈان نیوز ٹی وی کو بتایا کہ طالبان نے مذاکرات جاری رکھنے کا عندیہ دے دیا ہے اور امید ہیں کہ مولانا سمیع الحق کی گزاشارت پر طالبان مثبت جواب دیں گے۔
مولانا یوسف شاہ نے مزید بتایا ہے کہ طالبان شوریٰ کا جو بھی جواب ہوگا وہ اس سے قوم کو آگاہ کردیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کی کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ حکومت اور طالبان دونوں جنگ بندی کریں.
یاد رہے کہ اس سے قبل کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے حکومت کی جانب سے غیر مشروط جنگ بندی کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ہم نے ایسا کرنا ہوتا تو دس سال قبل ہی کرلیتے۔
ڈان کے نمائندہ سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ حکومت نے ہمارے خلاف جنگ شروع کر رکھی ہے، اسے چاہیے کہ وہ پہلے اپنی کارروائیاں بند کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت جنگ کرتی ہے تو ہم بھی اس کا جواب دیں گے۔