پاکستان

کراچی: پرتشدد واقعات میں چھ افراد ہلاک

رینجرز اور پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرکے درجنوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

کراچی: کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں چھ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ دوسری جانب پولیس اور رینجرز نے کئی علاقوں میں آپریشن کرکے درجنوں مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

پولیس نے آپریشن میں تین ٹارگٹ کلرز گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ رینجرز نے کالعدم تنظیم ، تحریکِ طالبان پاکستان ( ٹی ٹی پی) کے اہم رکن سمیت بارہ افراد کو گرفتار کیا ہے۔

آج صبح سے لیاری کے علاقے آٹھ چوک میں گینگ وار کے دو گروہوں کے درمیان مسلح جھڑپوں میں تین افراد ہلاک اور تین زخمی ہوگئے جبکہ راکٹ حملوں میں ایک کمسن بچہ ہلاک ہوگیا۔ بد امنی اور فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس کا سماں رہا اور لوگ مجبوراً اپنے گھروں میں محصور رہے۔

لانڈھی کے علاقوں گل احمد اور صفورا چوک کے قریب فائرنگ سے دو افراد ہلاک ہوئے ۔ سٹی پولیس نے دو ٹارگٹ کلرز فرحان عرف انڈین اور اکرام جبکہ کلفٹن پولیس نے سیاسی جماعت کے ٹارگٹ کلر اعظم لنگڑا کو گرفتار کرلیا۔ ان دونوں ملزمان نے ستائیس سے زائد افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے۔

رینجرز نے لانڈھی، نیوکراچی، پرانی سبزی منڈی اور ماڑی پور سمیت دیگر علاقوں میں کارروائیوں کے دوران کالعدم تحریک طالبان کے اہم کارندے سمیت بارہ ملزمان کو گرفتارکرکے ان کے قبضے سے بھاری تعدادمیں اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی ہے۔