لندن: پاکستانی لیگ سپنر کی بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کی امیدیں اس وقت دم توڑ گئیں جب انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ ( ای سی بی) نے تاحیات پابندی کیخلاف ان کی اپیل مسترد کردی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل دانش پر کرپشن کے الزامات کے تحت بین الاقوامی فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے پر تاحیات پابندی عائد کی گئی تھی۔
کینیریا پر 2009 میں ایسیکس کاؤنٹی کے ساتھی کھلاڑی میرون ویسٹ فیلڈ پر سپاٹ فکسنگ کیلئے دباؤ ڈالنے پر ای سی بی نے ان پر پابندی عائد کی تھی۔
مقدمے می مکمل سماعت تک پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی کنیریا کے کھیلنے پر پابندی عائد کردی تھی۔
جمعے کے روز ای سی بی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک ہفتے کی سماعت کے بعد کرکٹ ڈسپلن کمیشن نے کینریا کی درخواست مسترد کردی ہے۔
دوسری جانب ویسٹ فیلڈ کی جانب سے ایک اوور میں جان بوجھ کر مقررہ رنز بنانے کے پاداش میں انہیں چار ماہ قید کی سزا دی گئی تھی اور وہ دو مہینے کی سزا کاٹ چکے ہیں ۔ ان کی سماعت کا فیصلہ اگلی تاریخوں میں متوقع ہے
تاحیات پابندی کے شکار کنیریا کی عمر 32 سال ہے ۔ وہ ای سی بی سے پانچ سالہ پابندی کی نصف مدت کاٹ چکے ہیں جبکہ پاکستانی ٹیسٹ کرکٹ سکواڈ میں رہتے ہوئے 61 میچوں میں 261 وکٹیں لے چکے ہیں۔
مقدمے کی سماعت کے دوران ویسٹ فیلڈ نے الزام عائد کیا تھا کہ کنیریا نے ان پر ایک بک میکر سے ناقص کارکردگی کے بدلے 6,000 پونڈ لینے پر دباؤ ڈالا تھا۔