کھیل

پاکستان کو دوسرے ٹی 20 میں بھی شکست، آسٹریلیا کی سیریز میں فیصلہ کن برتری

148 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم 134 رنز پر پویلین لوٹ گئی، اسپینسر جانسن نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا

آسٹریلیا نے دوسرے ٹی20 انٹرنیشنل میں پاکستان ٹیم کو 13 رنز سے شکست دے دی، قومی ٹیم 148 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 134 رنز پر پویلین لوٹ گئی، کینگروز نے 3 میچز کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کرلی۔

سڈنی میں کھیلے گئے دوسرے ٹی 20 میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹ کے نقصان پر 147 رنز بنائے۔

پاکستان بیٹنگ

قومی ٹیم کی جانب سے اس بار محمد رضوان کے ساتھ بابراعظم نے اننگز کا آغاز کیا لیکن یہ تجربہ بھی ناکام ثابت ہوا، بابراعظم دوسرے ہی اوور میں صرف 3 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

ڈومیسٹک کارکردگی کی بنیاد پر ٹیم میں شامل کیے گئے صاحبزادہ فرحان مسلسل دوسرے میچ میں بھی ناکام رہے، وہ صرف 5 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔

کپتان محمد رضوان نے 26 گیندیں کھیل کر صرف 16 رنز بنائے، نائب کپتان سلمان علی آغا نے کھاتہ کھولنے کی بھی زحمت نہ کی اور پہلے ہی گیند پر واپس پویلین پہنچ گئے۔

عثمان خان نے ایک چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے 38 گیندوں پر 52 رنز کی اننگز کھیلی تاہم وہ 102 کے مجموعی اسکور پر اسپنسر جونسن کی گیند پر زیویئر بارٹلیٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

عباس آفریدی نے صرف 4 رنز بنائے جبکہ شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور سفیان مستقیم بھی کھاتا کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے،پاکستان کو آخری اوور میں جیت کے لیے 16 رنز درکار تھے تاہم تیسری گیند پر رن آؤٹ ہوگئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے اسپینسر جانسن نے 5، ایڈم زمپا نے 2 اور زیویئر بارٹلیٹ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

آسٹریلیا بیٹنگ

آسٹریلیا کے کپتان جوش انگلس نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، جیک فریزر میک گرک، میتھیو شارٹ نے اننگز کا جارحانہ آغاز کیا اور پہلے ہی اوور میں شاہین آفریدی سے 21 رنز بٹورے، 3 اوورز میں دونوں نے بغیر کسی نقصان کے 48 رنز بنائے۔

حارث رؤف نے چوتھے اوور میں پہلے جیک فریزر میک گرک کو 20 رنز اور پھر کپتان جوش انگلس کو صفر پر پویلین بھیج کر پاکستان کی مشکلات کم کیں۔

پانچویں اوور میں عباس آفریدی نے میتھیو شارٹ کو بھی آؤٹ کردیا، وہ 32 رنز بناسکے، گلین میکسویل 21 اور مارکس اسٹوئنس 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ ٹم ڈیوڈ 18 رنز ہی بناسکے۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 4، عباس آفریدی 3 اور صفیان مقیم نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

دوسرے ٹی 20 کے لیے آسٹریلیا نے پچھلے میچ کی فاتح سائیڈ کو برقرار رکھا تھا جب کہ پاکستان نے ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے حسیب اللہ کی جگہ صفیان مقیم کو پلینگ الیون میں شامل کیا تھا۔

آسٹریلیا پلینگ الیون

جوش انلگس (کپتان)، جیک فریزر میک گرک، میتھیو شارٹ، گلین میکسویل، ٹم ڈیوڈ، مارکس اسٹوئنس، ایرون ہارڈی، زیویئر بارٹلیٹ، نیتھن ایلس، ایڈم زامپا اور سپینسر جانسن

پاکستان پلینگ الیون

محمد رضوان (کپتان)، بابراعظم، صاحبزادہ فرحان، عثمان خان، سلمان علی آغا، عرفان خان، عباس آفریدی، شاہین آفریدی، حارث رؤف، نسیم شاہ، صفیان مقیم

واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹی20 میچ بارش سے متاثر ہوگیا تھا جس کے باعث میچ (7 اوورز فی اننگز) تک محدود کردیا گیا تھا جس میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 29 رنز سے شکست دی تھی۔