اسپین کے ٹینس لیجنڈ رافیل نڈال کا ڈیوس کپ کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان
اسپین سے تعلق رکھنے والے ٹینس لیجنڈ رافیل نڈال نے 38 برس کی عمر میں کھیل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق 22 مرتبہ گرینڈ سلم ٹائٹل جیتنے والے رافیل نڈال کا کہنا ہے کہ نومبر میں ڈیوس کپ میں وہ اپنا آخری میچ کھیل کر ٹینس کو خیر آباد کہہ دیں گے۔
سماجی رابطے کی ویب پر جاری اپنے ایک بیان میں رافیل نڈال کا کہنا تھا کہ میں پروفیشنل ٹینس سے ریٹائر ہو رہا ہوں، آخری سال بہت مشکل گزرے، خاص طور پر آخری دو سال۔
انہوں نے کہا کہ یقینا یہ ایک مشکل فیصلہ تھا جسے کرنے میں مجھے کچھ وقت لیکن اس زندگی میں ہر چیز کی شروعات اور اختتام ہوتا ہے۔
رافیل نڈال نے کہا کہ میرے خیال میں یہ اپنے طویل اور اپنی سوچ سے بہت زیادہ کامیاب کیریئر کو ختم کرنے کا مناسب وقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں بہت پرجوش ہوں کہ میرا آخری ٹورنامنٹ ڈیوس کپ کا فائنل ہوگا اور میں اپنے ملک کی نمائندگی کر رہا ہوں گا۔
2014 میں ایک نوجوان کی حیثیت سے پہلی مرتبہ ڈیوس کپ جیتنے والے رافیل نڈال نے کہا کہ میرے خیال میں، میں واپس وہیں پہنچ گیا ہوں جہاں سے چلا تھا۔
رافیل نڈال نے ریکارڈ 14 فرنچ اوپن کا ٹائٹل جیتا، وہ آسٹریلین اوپن اور ومبلڈن کے ٹائٹلز بھی جیت چکے ہیں۔