لائف اسٹائل

کیموتھراپی مکمل کرلیں، کینسر سے صحت یاب رہنا مقصد ہے، کیٹ مڈلٹن

کیٹ مڈلٹن نے مارچ 2024 میں خود میں کینسر کی تشخیص کی تصدیق کی تھی، تاہم اب انہوں نے بتایا ہے کہ ان کی کیموتھراپی 9 ماہ تک چلی۔

برطانوی شہزادی کیتھرائن کیٹ مڈلٹن نے اپنی صحت سے متعلق ویڈیو جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہوں نے کینسر کے علاج کی کیموتھراپی مکمل کرلیں اور موذی مرض کو شکست دینا اور کینسر سے صحت یاب رہنا ان کا مقصد ہے۔

کیٹ مڈلٹن کی جانب سے اپنے نام سے بنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر جاری کردہ ویڈیو میں انہیں شوہر اور بچوں کے ہمراہ جنگل میں کھیلتے اور سیر کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

تین منٹ سے زائد دورانیے کی ویڈیو میں کیٹ مڈلٹن کو صحت مند حالت میں دیکھا جا سکتا ہے، وہ کسی طرح بھی بیمار خاتون دکھائی نہیں دیتیں۔

ویڈیو میں اپنے پس پردہ آواز میں انہوں نے اپنی صحت سے متعلق بتایا کہ انہوں نے کیموتھراپی کا سیشن مکمل کرلیا۔

کیٹ مڈلٹن کے مطابق گزشتہ 9 ماہ ان کے اور ان کے خاندان کے لیے کسی اذیت سے کم نہیں تھے، انہوں نے درد اور اذیت برداشت کرکے کیموتھراپی مکمل کیں۔

انہوں نے بتایا کہ کینسر کی بیماری، تشخیص اور علاج ہر کسی کے لیے اذیت ناک ہوتا ہے اور خصوصی طور پر مریض کے اہل خانہ اور ان کے قریب رہنے والے افراد کے لیے یہ بیماری باعث تکلیف ہوتی ہے۔

ان کے مطابق اب ان کا کیموتھراپی کا سیشن مکمل ہوچکا لیکن اس باوجود ان کا علاج جاری رہے گا اور کینسر کو شکست دینا ان کا مقصد ہے۔

کیٹ مڈلٹن نے عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اپنے پیاروں کے ساتھ اور دعاؤں سے کینسر فری ہوجائیں گی اور ساتھ ہی انہوں نے نیک خواہشات پر سب کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اگرچہ کیٹ مڈلٹن نے بتایا کہ ان کی کیموتھراپی مکمل ہوچکیں لیکن انہوں نے بتایا نہیں کہ ان کے کتنے سیشن ہوئے اور نہ ہی انہوں نے یہ واضح کیا کہ ان میں کس قسم کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔

کیٹ مڈلٹن نے مارچ 2024 میں خود میں کینسر کی تشخیص کی تصدیق کی تھی، تاہم اب انہوں نے بتایا ہے کہ ان کی کیموتھراپی 9 ماہ تک چلی، جس کا مطلب یہ ہے کہ ان میں مارچ سے قبل ہی بیماری کی تشخیص ہو چکی تھی۔

برطانوی شاہی خاندان نے جنوری 2024 میں بتایا تھا کہ کیٹ مڈلٹن کے پیٹ کی سرجری کردی گئی، تاہم اس وقت محل نے واضح نہیں کیا تھا کہ شہزادی کو کیا بیماری لاحق ہے۔

بعد ازاں اگرچہ کیٹ مڈلٹن میں کینسر کی تشخیص کی تصدیق کی گئی تھی لیکن یہ نہیں بتایا گیا تھا کہ ان میں جنوری میں ہی کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، اب شہزادی نے بتایا ہے کہ ان کی کیموتھراپی 9 ماہ تک چلی، جس کا مطلب یہ ہے کہ ان میں جنوری میں ہی کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔

کیٹ مڈلٹن کے علاوہ برطانوی بادشاہ چارلس میں بھی کینسر کی تشخیص ہوئی ہے اور وہ بھی گزشتہ کئی ماہ سے زیر علاج ہیں، تاہم شاہی خاندان نے بادشاہ کی صحت سے متعلق تازہ اپڈیٹ جاری نہیں کی۔

برطانوی بادشاہ چارلس کے بعد شہزادی کیٹ میڈلٹن بھی کینسر میں مبتلا

کیٹ مڈلٹن میں کینسر کی تشخیص، ماہرہ خان کی افواہیں پھیلانے والوں پر تنقید

کیٹ مڈلٹن کی سرجری کے بعد پہلی ویڈیو منظرِ عام پر آگئی