لائف اسٹائل

انجلینا ملک کار حادثہ، تنازع حل ہوگیا، کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا، پولیس

انجلینا ملک ڈبل کیبن گاڑی چلا رہی تھیں کہ ان کے ٹائر برسٹ ہوگئے، جس وجہ سے انہوں نے ایک رکشے اور گاڑی کو ٹکر ماری لیکن کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا تھا، پولیس
|

کراچی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ اداکارہ انجلینا ملک کی گاڑی کی جانب سے رکشہ اور دوسری گاڑی کو ٹکر مارنے کا معاملہ حل ہوگیا، واقعے میں کوئی بھی بڑا نقصان نہیں ہوا تھا، کسی پر کوئی مقدمہ دائر نہیں کیا گیا۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) جنوبی سید اسد رضا نے بتایا کہ انجلینا ملک کی گاڑی کے ساتھ 28 اگست کی شام کو حادثہ پیش آیا تھا، جسے اسی دن ہی حل کرلیا گیا تھا، واقعے میں کوئی بھی بڑا نقصان نہیں ہوا تھا۔

پولیس کے مطابق انجلینا ملک ڈبل کیبن گاڑی چلا رہی تھیں کہ ان کے ٹائر برسٹ ہوگئے، جس وجہ سے انہوں نے ایک رکشے اور گاڑی کو ٹکر ماری اور حادثے میں رکشہ ڈرائیور معمولی زخمی ہوا تھا جب کہ اداکارہ کی گاڑی سمیت دوسری گاڑی کو بھی معمولی نقصان پہنچا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ واقعے کے بعد ہجوم نے اداکارہ کی گاڑی کو گھیرے میں لے کر انہیں ہراساں کرنا شروع کیا تھا اور لوگوں نے اداکارہ کی گاڑی کے دروازے کھول کر ان کا فون بھی اٹھا لیا تھا لیکن بعد ازاں اطلاع پر پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر حالات کو قابو کیا۔

پولیس کے مطابق واقعے کے بعد دونوں فریقین کو درخشاں تھانے پر لایا گیا تھا، جہاں رکشہ ڈرائیور اور اداکارہ کے درمیان صلح ہوگئی تھی، اداکارہ نے رکشہ ڈرائیور کو علاج اور رکشے کی مرمت کے پیسے دیے، جس پر کوئی کیس دائر نہیں کیا گیا جب کہ حادثے میں کوئی بھی بڑا نقصان نہیں ہوا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ دو ہفتے قبل کارساز پر خاتون کی جانب کار ایکسیڈنٹ میں والد اور بیٹی کو جاں بحق کرنے کے بعد مذکورہ واقعے کے وقت لوگ اداکارہ کی گاڑی کے قریب جمع ہوگئے لیکن انجلینا ملک کی گاڑی کے ساتھ کوئی بڑا حادثہ پیش نہیں آیا۔

خیال رہے کہ اداکارہ انجلینا ملک کی گاڑی کے ساتھ حادثے کی ویڈیو 30 اگست کو وائرل ہوئی تھی، جس میں لوگوں کی جانب سے انہیں ہراساں کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا تھا۔

حادثے کے بعد وائرل ہونے والی ویڈیو میں انجلینا ملک کو گاڑی کے اندر بیٹھا دیکھا گیا تھا، تاہم ہجوم کی جانب سے ان کی گاڑی کو گھیرے میں لے کر انہیں باہر نکلنے کے لیے دباؤ ڈالتے ہوئے بھی دیکھا گیا تھا۔

وائرل ویڈیو میں اداکارہ ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھ کر ہجوم کو سمجھاتی دکھائی دی تھیں کہ وہ فرار نہیں ہو رہیں، وہ یہیں موجود ہے اور ان کا فون واپس کیا جائے، ہجوم میں شامل افراد نے ان کا فون بھی اٹھالیا تھا۔

اداکارہ کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد متعدد شوبز شخصیات نے ان سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے انہیں ہراساں کرنے کی مذمت کی۔

اداکارہ انجلینا ملک کی گاڑی سے ’حادثہ‘، ہجوم نے اداکارہ کو گھیر لیا

شوبز شخصیات کی حادثے کے بعد انجلینا ملک کو ہراساں کرنے کی مذمت

کراچی: کارساز حادثے میں ملزمہ نتاشا پر منشیات استعمال کرنے کا مقدمہ بھی درج