لائف اسٹائل

’اپنی والدہ کا ہی نہیں ہمارا سر بھی فخر سے بلند کردیا‘ اداکار ارشد ندیم کی جیت پر خوش

اولمپکس 2024 میں پاکستان کے ارشد ندیم نے ریکارڈ تھرو کر کے سونے کا تمغہ حاصل کیا ہے، جبکہ بھارتی مخالف دوسرے نمبر پر جگہ بنایا پایا ہے۔

اولمپکس 2024 میں پاکستانی ایتھلیٹ نے جہاں اپنی کارکردگی کے باعث دنیا بھر میں توجہ سمیٹ لی ہے، وہیں اب پاکستان معروف اداکاروں کی جانب سے بھی ایتھلیٹ کو مبارکباد پیش کی جا رہی ہے اور خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

ارشد ندیم کے 40 سال بعد اولمپکس میں سونے کا تمغہ جیتنے پر وزیر اعظم، آرمی چیف سمیت اعلیٰ شخصیات کی جانب سے بھی مبارکباد دی گئی ہے، جبکہ نوجوان ایتھلیٹ کی کامیابی کو انہیں خراج تحسین بھی پیش کیا جا رہا ہے۔

وہیں شوبز کی معروف شخصیات نے ارشد ندیم کو دلچسپ انداز میں مبارکباد دی ہے۔

اداکارہ ثنا جاوید کا انسٹاگرام اسٹوری میں کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے یہ تاریخی لمحہ ہے، مبارک ہو ارشد ندیم۔ ہم سب کا سر فخر سے بلند کرنے پر آپ کا شکریہ۔

اداکار دانش تیمور نے شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’الحمداللہ! پاکستان زندہ باد‘۔

جبکہ عائزہ خان نے ارشد ندیم کی تصویر شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ ایک نیا جیولین تھرو اولمپک ریکارڈ بن گیا ہے۔

اداکارہ ہانیہ عامر نے انسٹاگرام پر خبر شئیر کی، جس میں لکھا تھا کہ پاکستانی اسٹار ارشد ندیم نے 92 اعشاریہ 97 میٹر کے ساتھ اولمپک کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

گلوکار اور اداکار عاصم اظہر نے انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ تاریخ بن چکی ہے، نیا اولمپک بن گیا ہے۔ارشد ندیم قوم کا ہیرو بن گیا ہے۔

مائی رے ڈرامے کے نوجوان اداکار ثمر جعفری نے لکھا کہ 90 میٹر 2 مرتبہ؟ اولمپکس میں پاکستان کے سونے کا تمغہ، یقینا یہ ایک فخریہ لمحہ ہے پاکستان کے لیے۔

ارشد ندیم کی تصویر شئیر کرتے ہوئے یمنیٰ زیدی نے لکھا کہ یہ پاکستان کے لیے فخریہ لمحہ ہے، اولمپک گیمز 2024 میں نیا ریکارڈ بنانے پر مبارک ہو۔

اداکارہ اقرا عزیز نے لکھا کہ آپ نے نہ صرف اپنی ماں کا سر فخر سے اور اونچا کیا ہے، بلکہ پورے پاکستان کا۔ جبکہ ساتھ ہی اداکارہ نے خبر کی سرخی بھی شئیر کی تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو کے مقابلوں میں پاکستان کے ارشد ندیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے اولمپک کی تاریخ کی سب سے بڑی 92.97 میٹر کی تھرو کرتے ہوئے پاکستان کو 40سال بعد اولمپک میں گولڈ میڈل جتوایا۔

پاکستان کے ارشد ندیم پہلی تھرو صحیح نہ کر سکے اور ان کی پہلی تھرو کو فاؤل قرار دے دیا گیا تھا، تیسرے راؤنڈ میں پاکستان کے ارشد ندیم نے 88.72 میٹرز کی تھرو کی جبکہ جمہوریہ چیک کے جیکب ویڈلیج نے 88.50 میٹر دور نیزہ پھینکا۔

ارشد ندیم نے چوتھی تھرو میں نیزہ 79.40 میٹرز دور پھینکا، انہوں نے پانچویں تھرو کیا تو نیزہ 84.87 میٹر دور جا گرا۔

چھٹے اور آخری راؤنڈ میں پاکستان کے ارشد ندیم نے مقابلے میں دوسری بہترین تھرو کرتے ہوئے نیزہ 91.79 میٹرز دور پھینک کر اولمپک کی دوسری بہترین تھرو کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔