کھیل

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے فائنل میں پاکستان کو شکست، بھارت نے ٹائٹل جیت لیا

پاکستان لیجنڈز کے 156 رنز کے جواب میں بھارت لیجنڈز نے مطلوبہ ہدف 5 وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔

بھارت نے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے فائنل میں پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دےکر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے فائنل میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنائے، بھارت نے مطلوبہ ہدف 5 وکٹ کے نقصان پر ہی پورا کرلیا۔

پاکستان لیجنڈز کی جانب سے اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا، شرجیل خان صرف 12 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، صہیب مقصود 21 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے اور کامران اکمل 24 رنز ہی بناسکے۔

کپتان یونس خان 7 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے، مصباح الحق اور شعیب ملک نے اچھی شراکت قائم کی تاہم مصباح الحق 18 رنز پر انجرڈ ہوکر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے، عامر یامین 7 اور شعیب ملک 41 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، شاہد آفریدی 4 اور سہیل تونیر 19 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

بھارت کی جانب سے انوریت سنگھ نے 3، عرفان پٹھان ،وِنے کمار اور پوون سنگھ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

مطلوبہ ہدف بھارتی ٹیم نے باآسانی 5 وکٹوں کے نقصان پر عبور کرلیا، سیمی فائنل میں نصف سنچری بنانے والے اتھاپا 10 رنز کے ہی مہمان ثابت ہوئے تاہم بھارت کے دوسرے اوپنر امباٹی رائیڈو نے 50 رنز بناکر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

دیگر کھلاڑیوں میں گورکریت سنگھ 34 اور یوسف پٹھان 30 رنز بناکر نمایاں رہے، سریش رائنا 4 رنز ہی بناسکے۔

پاکستان کی جانب عامر یامین نے 2، سعید اجمل، شعیب ملک اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔