لائف اسٹائل

عید الاضحیٰ پر ریلیز ہونے والی پاکستانی فلمیں

عید الاضحیٰ کے موقع پر کم سے کم چار نئی فلمیں ریلیز کی جائیں گی، جن میں عمرو عیار اور رومانوی مزاحیہ فلم نابالغ افراد سمیت ابھی اور ایجنٹ انیلا شامل ہیں۔

رواں برس کی میٹھی عید کے مقابلے اس بڑی عید پر زیادہ مقامی فلمیں ریلیز کے لیے تیار ہیں، تاہم ساتھ ہی پاکستانی فلموں کا مقابلہ ہولی وڈ اور دیگر غیر ملکی فلموں سے بھی ہوگا۔

عید الاضحیٰ کے موقع پر کم سے کم چار نئی فلمیں ریلیز کی جائیں گی، جن میں میگا کاسٹ سائنس فکشن فلم عمرو عیار اور رومانوی مزاحیہ فلم نابالغ افراد سمیت ابھی اور ایجنٹ انیلا شامل ہیں۔

مذکورہ چاروں نئی فلموں کے علاوہ فلمی شائقین سینماؤں میں پرانی فلمیں جن میں دی لیجنڈ آف مولا جٹ، دغا باز دل اور پوپی کی ویڈنگ سمیت دیگر فلمیں بھی دیکھ پائیں گے۔

اس عید پر ریلیز ہونے والی چار نئی فلموں میں سے عمرو عیار اور نابالغ افراد کو اچھی فلمیں قرار دیا جا رہا ہے، تاہم شائقین کو امید ہے کہ کبریٰ خان اور گوہر ممتاز کی ابھی بھی اچھی فلم ثابت ہوگی جب کہ ایجنٹ انیلا کے ٹریلر کو دیکھ کر شائقین نے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

ایجنٹ انیلا

’ایجنٹ انیلا‘ کی کہانی قاسم گل پنہور نے لکھی ہے اور انہوں نے ہی اس کی ہدایات دی ہیں جب کہ وہ فلم کے پروڈیوسر بھی ہیں۔

فلم میں اداکارہ میرا، ردا اسفہانی، غلام محی الدین، مصطفیٰ قریشی، شفقت چیمہ، مسکان نذیر، منظور مراد، پیر معظم اور محبوب سلطان سمیت دیگر اداکار ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

’ایجنٹ انیلا‘ میں جہاں غلام محی الدین اور مصطفیٰ قریشی جیسے لیجنڈ اداکار ایکشن میں نظر آئیں گے، وہیں اس میں سندھی اور پشتو ڈراموں کے اداکار بھی دکھائی دیں گے۔

جاری کیے گئے ٹریلر سے فلم کی کہانی سمجھنا مشکل ہے، تاہم عندیہ ملتا ہے کہ فلم میں ایک گروہ پاکستان میں کسی وائرس کے ذریعے اموات اور خوف پھیلانا چاہتا ہے جب کہ دوسرا گروہ انہیں روکنے کی کوشش کرتا دکھائی دیتا ہے۔

ابھی

اس فلم کے ذریعے کبریٰ خان کم از کم چار سال بعد جب کہ گوہر ممتاز تقریبا 6 سال بعد بڑے پردے پر واپسی کر رہے ہیں۔

’ابھی‘ کی کاسٹ میں اداکار سلیم شیخ، عثمان پیرزادہ، محمود اسلم، احتشام الدین، حنا بیات اور آصف رضا میر سمیت دیگر شامل ہیں۔

فلم کی کہانی گوہر ممتاز نے شعیب ربانی کے ساتھ خود لکھی ہے جب کہ اس کی ہدایات اسد ملک دے رہے ہیں۔

اس کے ٹریلر سے’ابھی’ کی کہانی سمجھنا مشکل ہے، تاہم عندیہ ملتا ہے کہ فلم کی کہانی نہ صرف رومانوی بلکہ ٹریجڈی اور قوم پرستی (nationalism) کے گرد بھی گھومتی ہے۔

نابالغ افراد

فلم ساز نبیل قریشی کی اس رومانوی مزاحیہ فلم کی کہانی 1990 کی دہائی کے گرد گھومتی ہے اور اس کے ٹریلر سے اس کی مکمل کہانی سمجھنا مشکل ہے، تاہم عندیہ ملتا ہے کہ شائقین کو مصالحہ دیکھنے کو ملے گا۔

فلم کی کاسٹ میں عاشر وجاہت اور ثمر جعفری سمیت رمحہ احمد سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔ فلم کی نصف کاسٹ نئی نسل پر مبنی ہے، جن کی عمریں 15 سے 25 سال کے درمیان ہیں جب کہ نصف کاسٹ سینیئر اداکاروں پر مبنی ہے۔

فلم میں معراج سلیم، مانی، راشدہ تبسم اور فائزہ احسن سمیت دیگر اداکار بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

عمرو عیار

سائنس فکشن فلم’عمرو عیار’ کی ہدایات اظفر جعفری نے دی ہیں، اس کی کہانی عاطف ریحان صدیقی نے لکھی ہے اور اسے ہما بابر نے پروڈیوس کیا ہے۔

’عمرو عیار‘ کی کاسٹ میں عثمان مختار، صنم سعید، فاران طاہر کے علاوہ علی قاضی، عدنان صدیقی، سیمی راحیل، ثنا فخر، منظر صہبائی، دانیال راحیل اور سلمان شوکت سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔

یہاں یہ بات واضح رہے کہ ’عمرو عیار‘ فلم کی کہانی ہزار سالہ قدیم مسلم ادب ’داستان امیر حمزہ‘ میں شامل اسی نام کے کردار کی کہانی پر مبنی ہے۔

سائنس فکشن فلم ’عمرو عیار‘ کو عید الاضحٰی پر ریلیز کرنے کا اعلان

فلم ’نابالغ افراد‘ کو عید الاضحیٰ پر ریلیز کرنے کا اعلان

ایکشن فلم ’ایجنٹ انیلا‘ کا ٹریلر ریلیز