کھیل

بابراعظم کو دوبارہ کپتان کیوں بنایا، سلیکشن کمیٹی کو جواب دینا ہوگا، شاہد آفریدی

بابر اعظم پریزنٹیشن میں کہتے ہیں باؤلرز نے اچھی بولنگ نہیں کی، یہ بلیم گیم نہیں ہونا چاہیے، ایک یونٹ کے طور پر بابر کو لیڈ کرنا چاہیے تھا، سابق کپتان

قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ مسلسل ناکامی کے باوجود بابر اعظم کو پھر سے کپتانی دی گئی، سلیکشن کمیٹی کو جواب دینا ہوگا کہ بابر اعظم کو پھر سے کپتان کیوں بنایا۔

اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کو دوسری مرتبہ کپتانی واپس نہیں لینی چاہیے تھی، کپتان اچھا ہوتو ہاری ہوئی ٹیم کو بھی جتوا دیتا ہے، بابر اعظم 5، 6 ایونٹس میں پاکستان کی کپتانی کر چکے ہیں۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ بابر اعظم بحیثیت بیٹر اچھی پرفارمنس دے رہے ہیں، بابر اعظم کو ویرات کوہلی کی طرح میچ ونر بننا چاہیے، محمد رضوان کپتانی کے لیے سب سے اچھی چوائس تھے۔

انہوں نے کہا کہ بابر اعظم پریزنٹیشن میں کہتے ہیں باؤلرز نے اچھی بولنگ نہیں کی، یہ بلیم گیم نہیں ہونا چاہیے، ایک یونٹ کے طور پر بابر کو لیڈ کرنا چاہیے تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ٹی20 ورلڈ کپ میں امریکا اور آئرلینڈ کے درمیان میچ بارش اور گیلے میدان کی وجہ سے منسوخ ہو گیا تھا اور اس طرح پاکستان کی ٹیم عالمی کپ سے باہر ہو گئی تھی جبکہ امریکا نے سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

امپائرز نے کئی مرتبہ میدان کا معائنہ کیا لیکن گزشتہ روز ہونے والی شدید بارش کی وجہ سے میدان بہت زیادہ گیلا تھا اور 3 گھنٹے سے زائد دیر تک مختلف مراحل میں کئی بار معائنے کے بعد امپائرز نے دونوں ٹیموں کے کپتانوں سے مشاورت کے بعد میچ کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔

یاد رہے کہ پاکستان نے ٹی20 ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ امریکا کے خلاف کھیلا تھا اور نووارد ٹیم نے دلچسپ مقابلے کے بعد سپر اوور میں پاکستان کو شکست دے کر ورلڈ کپ کا بڑا اپ سیٹ کیا تھا۔

اگلے میچ میں روایتی حریف بھارت کے خلاف باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت پاکستان کو میچ میں فتح کے لیے صرف 120 رنز کا ہدف ملا لیکن پاکستانی بیٹنگ لائن یہ ہدف بھی حاصل نہ کر سکی اور میچ میں شکست سے دوچار ہو گئی تھی۔

صنعتوں کے لیے بجلی کی قیمت میں 10روپے69 پیسے کمی کا اعلان

عید الاضحیٰ پر عوام کیلئے بڑا ریلیف، پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے سے زائد کمی اعلان

نیپرا کی بجلی کے ٹیرف میں 5روپے 72 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری