کھیل

ٹی 20 ورلڈکپ: ویسٹ انڈیز نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر سپر ایٹ کیلئے کوالیفائی کرلیا

ویسٹ انڈیز نے پہلے کھیلتے ہوئے 9 وکٹوں پر 149 رنز بنائے، شرفیل ردرفورڈ نے 68 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 136 رنز بناسکی۔

ٹی 20 ورلڈکپ میں ویسٹ انڈیز نے نیوزی لینڈ کو 13 رنز سے شکست دے کر سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

ویسٹ انڈیز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز بنائے، ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 136 رنز بناسکی۔

تروبا میں کھیلے جارہے گروپ سی کے میچ میں کیویز نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو بیٹنگ کی دعوت دی، ابتدا میں نیوزی لینڈ کا یہ فیصلہ درست ہوتا دکھائی دیا۔

ویسٹ انڈیز کی پاور پلے کے 6 اوورز کے اندر 22 رنز پر 4 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے، جبکہ ساتویں اوور میں 30 رنز پر آدھی ٹیم آؤٹ ہوگئی۔

تاہم اس موقع پر شرفیل ردرفورڈ نے 39 گیندوں پر 68 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگ میں 6 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے، ان کے علاوہ کوئی بلے باز بہتر کھیل پیش نہ کرسکا۔

اس طرح ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز بنائے اور کیویز کو جیت کے لیے 150 رنز کا ہدف دیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ 16 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کرکے نمایاں رہے، جبکہ ٹم ساؤتھی، لوکی فرگوسن نے 2، 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ جیمز نیشم اور مچل سینٹنر ایک ایک وکٹ لے سکے۔

جواب میں کیوی ٹیم ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور اس کی وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 136 رنز بناسکی، کیوی بیٹر گلین فلپس 33 گیندوں پر 40 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

ویسٹ انڈیز کے الزاری جوزف نے 4 اور گوڈاکیش موٹی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

کیویز کی شکست کے بعد گروپ سی میں بھی صورتحال بڑی دلچسپ ہوگئی ہے، ویسٹ انڈیز کی ٹیم 3 میچوں میں 6 پوائنٹس حاصل کرکے پہلے ہی سپر ایٹ کے لیے کوالیفائی کر گئی ہے جبکہ اس کو اگلہ مقابلہ افغانستان سے کرنا ہے۔

افغانستان کی ٹیم 2 میچوں میں فتح کے بعد 4 پوائنٹس اور 5.225 کے بھاری رن ریٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر براجمان ہے اور اس کا سپرایٹ مرحلے میں پہنچنے کا امکان ہے، اس کا اگلا مقابلہ کمزور ٹیم پاپوا نیو گنی اور ویسٹ انڈیز سے ہوگا۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم اس وقت 2 میچوں میں شکست کے بعد (منفی 2.425 رن ریٹ) پانچویں نمبر پر موجود ہے، اس کے اگلے دو مقابلے کمزور ٹیموں یوگینڈا اور پاپوا نیو گنی کے ساتھ ہوں گے، کیویز کو سپر ایٹ میں پہنچنے کے لیے اگلے دونوں میچ بھاری مارجن سے جیتنے کے ساتھ یہ دعا بھی کرنا ہوگی کہ افغانستان اپنے دونوں میچ ہار جائے۔

تاہم ایسا لگتا ہے کہ افغانستان کی ٹیم پاپوانیوگنی کو بآسانی ہرا کر اگلے مرحلے میں پہنچ جائے گی۔

عدت نکاح کیس: عمران خان و اہلیہ کی سزا معطلی کی درخواست پر 10 دن میں فیصلہ کرنے کی ہدایت

حکومت 12 کھرب 80 ارب روپے پیٹرولیم لیوی کے ذریعے اکٹھا کرنے کی خواہاں

آزادی مارچ کیس: عمران خان، شیخ رشید، شاہ محمود قریشی و دیگر بری