کھیل

پاکستان کی ٹی 20 ورلڈ کپ میں پہلی فتح، کینیڈا کو 7 وکٹوں سے شکست

جانسن کی نصف سنچری کی بدولت کینیڈا نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 107 رنز بنائے، پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔

پاکستان نے باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت کینیڈا کو شکست دے کر ٹی20 ورلڈ کپ میں پہلی کامیابی حاصل کر لی۔

نیویارک میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ ’اے‘ کے میچ میں پاکستان نے کینیڈا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

کینیڈا نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلے اوورز میں شاہین شاہ آفریدی نے دو چوکوں سمیت 11 رنز دے دیے جبکہ نسیم شاہ بھی کچھ خاص پر اثر نظر نہ آئے لیکن تیسرا اوور کرانے والے محمد عامر نے شاندار ان سوئنگ پر اپنی ٹیم کو پہلی کامیابی دلا دی۔

شاہین نے اگلے اوور میں پرگت سنگھ کو پویلین بھیجا تو 43 کے مجموعے پر نکولس کیرتن بھی چلتے بنے۔

54 کے مجموعی اسکور پر کینیڈا کی ٹیم کو دو نقصان اٹھانے پڑے جب حارث رؤف نے ایک ہی اوور میں شریاس مووا اور رویندرپال سنگھ کا کام تمام کردیا۔

دوسرے اینڈ سے آرون جانسن نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور شاندار نصف سنچری اسکور کی۔

انہوں نے کپتان سعد بن ظفر کے ساتھ چھٹی وکٹ کے لیے 19 رنز جوڑے لیکن اس سے قبل کہ وہ مزید خطرناک ثابت ہوتے، نسیم شاہ نے 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 54 رنز بنانے والے بلے باز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

کینیڈا کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 107 رنز بنا سکی۔

پاکستان کی جانب سے عامر اور حارث نے دو، دو جبکہ شاہین اور نسیم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اس بار بھی کچھ اچھا نہ تھا اور ٹیم میں واپس آنے والے صائم ایوب ایک اور موقع سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے اور صرف 6 رنز بنا کر چلتے بنے۔

اس مرحلے پر رضوان کا ساتھ دینے بابر اعظم آئے اور دونوں نے 63 رنز کی شراکت بنا کر میچ کو یکطرفہ بنا دیا۔

بابر اعظم نے 33 رنز کی باری کھیلی لیکن ایک گیند کو تھرڈ مین کو جانب کھیلنے کی کوشش میں وہ وکٹوں کے عقب میں کیچ دے کر ڈیلن ہیلیگر کی دوسری وکٹ بن گئے۔

دوسرے اینڈ سے رضوان نے ذمے دارانہ کھیل کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی۔

میچ کے اختتامی لمحات میں فخر زمان بھی وکٹ گنوا بیٹھے لیکن پاکستان نے اس کے باوجود 15 گیندوں قبل ہی ہدف حاصل کر لیا۔

رضوان نے 53 گیندوں پر 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 53 رنز کی اننگز کھیلی۔

عامر کو 4 اوورز میں 13 رنز کے عوض دو وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

آج کے میچ سے قبل پاکستان کو ورلڈ کپ میں امریکا اور بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

آج کے میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں:

پاکستان: بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان، صائم ایوب، فخر زمان، عثمان خان، شاداب خان، عماد وسیم، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف، محمد عامر

کینیڈا: سعد بن ظفر، ایرون جانسن، نونیت دھلیوال، پرگت سنگھ، نکولس کِرٹن، شریاس مووا، رویندرپال سنگھ، ڈیلن ہیلیگر، کلیم ثنا، جنید صدیقی، جیریمی گورڈن