کھیل

قومی کرکٹ ٹیم کو چھوٹی نہیں بڑی سرجری کی ضرورت ہے، محسن نقوی

پاکستانی کرکٹ ٹیم کو دنیا کی ایک بہترین ٹیم بنانا ہے، اچھی طرح معلوم ہےکہ کیا چل رہا تھا اور ہارنےکی وجوہات کیا ہیں، چیئرمین پی سی بی

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کوچھوٹی نہیں بڑی سرجری کی ضرورت ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق پاک۔بھارت میچ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کرکٹ اپنی سب سے کم درجہ کی پر فارمنس پر ہے، ہمارا سب سے بڑا چیلنج ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو دنیا کی ایک بہترین ٹیم بنانا ہے، اچھی طرح معلوم ہےکہ کیا چل رہا تھا اور ہارنےکی وجوہات کیا ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف شکست ہر لحاظ سے مایوس کن تھی۔

واضح رہے کہ قومی ٹیم ٹی 20 ورلڈکپ کے ابتدائی دونوں میچ ہار چکا ہے، پہلے میچ میں نوآموز امریکا نے پاکستان کو سپر اوور میں 5 رنز سے شکست دے دی تھی۔

پاکستان نے پہلے کھلیتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے، جواب میں امریکا کی ٹیم بھی 3 وکٹوں کے نقصان پر اتنے ہی رنز بنا سکی تھی، اس طرح میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا تھا۔

جبکہ دوسرے اور ہائی وولٹیج میچ میں بھارت نے پاکستان کے خلاف شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے گرین شرٹس کو یقینی فتح سے محروم کردیا تھا۔

ٹاس جیت کر کپتان بابر اعظم نے پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا اور بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان نے بہترین گیندبازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 119 کے مجموعے پر پوری بھارتی ٹیم پویلین واپس بھیج دیا، بھارت کی بیٹنگ لائن کی ناکامی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ صرف تین بلے باز ہی ڈبل فیگر میں داخل ہو سکے۔

پاکستان کی جانب سے نسیم اور حارث نے تین، تین، عامر نے دو جبکہ شاہین نے ایک وکٹ حاصل کی تھیں۔

تاہم قومی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 113 رنز بناسکی، یوں اسے 6 رنز سے شکست ہوگئی۔

رواں مالی سال مہنگائی کے لیے مقرر کردہ ہدف حاصل نہ ہونے کا امکان

فیصل آباد اور کراچی کے درمیان 7 ماہ بعد فضائی رابطہ بحال

ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان جیتی بازی ہار گیا، بھارت 120رنز کے دفاع میں کامیاب