بھارت کا ٹی20 ورلڈ کپ میں فاتحانہ آغاز، آئرلینڈ کو شکست
ٹی20 ورلڈ کپ میں بھارت نے باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت آئرلینڈ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 7 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ کا کامیابی سے آغاز کردیا۔
نیویارک میں کھیلے گئے گروپ اے کے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو بالکل درست ثابت ہوا۔
میچ کے تیسرے ہی اوور کی پہلی گیند پر ارشدیپ سنگھ نے پال اسٹرلنگ کو وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ کرا کر ٹیم کو کامیابی دلائی اور پھر اسی اوور میں اینڈی بلبرنی کی بھی وکٹیں بکھیر دیں۔
لورکان ٹکر اور ہیری ٹیکٹر نے بھارتی باؤلرز کے ایکسٹراز کی مدد سے اسکور کو 28 تک پہنچایا ہی تھا کہ ہردک پانڈیا نے لورکان کو بولڈ کردیا جبکہ اگلے اوور میں جسپریت بمراہ نے آئرش ٹیم کو چوتھا نقصان پہنچاتے ہوئے ہیری ٹیکٹر کام تمام کردیا۔
آئرس ٹیم کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ تھم نہ سکا اور خراب رننگ، پانڈیا کے مزید دو شکار کے ساتھ ساتھ اکشر پٹیل کے اپنی ہی گیند پر لیے گئے عمدہ کیچ کے سبب یورپیئن ٹیم 50 رنز پر آٹھ وکٹیں گنوا بیٹھی۔
اس مرحلے پر ایسا محسوس ہوتا تھا کہ شاید مزید چند رنز کے اضافے سے آئرش ٹیم پویلین لوٹ جائے لیکن گیرتھ ڈیلینی کی جارحانہ اننگز کی بدولت آئرش ٹیم نسبتاً بہتر اسکور کرنے میں کامیاب رہی۔
ڈیلینی سب سے کامیاب بلے باز رہے اور 14 گیندوں پر دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 26 رنز کی باری کھیلی جبکہ جوز لٹل نے 14 رنز بنائے۔
آئرلینڈ کی پوری ٹیم 16 اوورز میں 96 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور ان کی بیٹنگ کی ناکامی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اننگز دوسرا بڑا اسکور 15رنز ایکسٹراز کی مد میں بنے۔
بھارت کی جانب سے پانڈیا نے تین جبکہ بمراہ اور ارشدیہ نے دو، دو وکٹیں اپنے نام کیں۔
ایک آسان ہدف کے تعاقب میں روہت شرما نے جارحانہ انداز میں اننگز کا آغاز کیا لیکن بھارتی ٹیم کو بھی ابتدا میں اس وقت بڑا نقصان اٹھانا پڑا جب ویرات کوہلی صرف ایک بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد میدان میں ریشابھ پنت کی آمد ہوئی جنہوں نے کپتان روہت شرما کے ہمراہ دوسری وکٹ کے لیے 54 رنز جوڑ کر میچ کا یکطرفہ بنا دیا۔
روہت شرما نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی لیکن 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 52 رنز بنانے والے بھارتی کپتان ریٹائرڈ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔
بھارتی کپتان کے کندھے پر گیند لگی تھی اور درد کی شدت کی وجہ سے وہ اننگز ادھوری چھور کر میدان سے چلے گئے۔
نئے بلے باز سوریا کمار یادیو بھی صرف دو رنز بنا سکے لیکن بھارت کو ہدف کے حصول میں کوئی مشکل پیش نہ آئی اور اس نے باآسانی 12.2 اوورز میں ہدف حاصل کر کے شاندار فتح اپنے نام کر لی۔
ریشابھ پنت نے 26 گیندوں پر دو چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 36 رنز کی باری کھیلی۔