لائف اسٹائل

سلمان خان لڑکیوں کو بے وقوف بناتے رہیں گے، شادی نہیں کریں گے، متھن چکرورتی

سینیئر بولی وڈ اداکار نے سلمان خان کو انتہائی شرارتی، ہنس مکھ اور یارانہ شخصیت کا مالک قرار دیا۔

سینیئر بولی وڈ اداکار متھن چکرورتی نے دعویٰ کیا ہے کہ بولی وڈ دبنگ ہیرو سلمان خان تمام لڑکیوں کو بے وقوف بناتے رہیں گے لیکن وہ کبھی بھی ان سے شادی نہیں کریں گے۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق حال ہی میں متھن چکرورتی نے ایک ریئلی شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے سلمان خان سمیت دیگر بولی وڈ اداکاروں اور ان کی شخصیت کے حوالے سے کھل کر بات کی۔

انہوں نے سلمان خان کو انتہائی شرارتی، ہنس مکھ اور یارانہ شخصیت کا مالک قرار دیا اور کہا کہ جس طرح وہ نظر آتے ہیں، حقیقت میں ان کی شخصیت اس کے برعکس ہیں۔

متھن چکرورتی کا کہنا تھا کہ سلمان خان مزاحیہ قسم کے شخص ہیں، وہ ہر وقت ہنسی مذاق کرنے والے فرد ہیں، یہاں تک کہ وہ رات کو دیر گئے نیند سے جاگنے کے بعد بھی ہنسی مذاق کر سکتے ہیں۔

سلمان خان کی شادی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر متھن چکرورتی نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں دبنگ ہیرو کبھی شادی نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سلمان خان ہر خوبصورت لڑکی کو یہی کہتے رہیں گے کہ وہ غیر شادی شدہ ہیں اور وہ لڑکیوں کی ہمدردیاں لیتے رہیں گے، انہیں بے وقوف بناتے رہیں گے، ان سے محبت رچاتے رہیں گے لیکن کبھی ان سے شادی نہیں کریں گے۔

متھن چکرورتی نے کہا کہ وہ اس بات کی گارنٹی دینے کو تیار ہیں کہ سلمان خان کبھی شادی نہیں کریں گے اور ان لڑکیوں سے تو بلکل نہیں کریں گے، جنہیں وہ بے وقوف بنائیں گے۔

خیال رہے کہ سلمان خان کی عمر 50 سال سے زائد ہے اور ان کی عمر کے تقریبا تمام بولی وڈ اداکاروں و اداکاراؤں نے شادی کرلی ہے۔

سلمان خان نے کبھی اپنی شادی کے حوالے سے کھل کر بات نہیں کی، البتہ کہتے رہتے ہیں کہ وہ وقت آنے پر شادی کرلیں گے۔

ماضی میں سلمان خان کے ایشوریا رائے, سوناکشی سنہا، دپیکا پڈوکون، پریٹی زنٹا، رانی مکھرجی اور کترینا کیف سمیت دیگر اداکاراؤں سے تعلق کی خبریں آتی رہیں لیکن جن جن اداکاراؤں کے ساتھ اداکار کے رومانس کی خبریں آتی رہیں، انہوں نے دوسرے افراد سے شادیاں کرلیں۔

سوناکشی سنہا نے سلمان خان سے شادی کی خبروں پر خاموشی توڑ دی

سلمان خان نے 52 سال تک کنوارے رہنے کی وجہ بتادی

کنوارے سلمان خان کا شادی شدہ افراد کی زندگی سے متعلق اہم انکشاف