سمندری پکوانوں کے شوقین افراد کیلئے ’جھینگا پکوڑہ‘
اگر سمندری پکوان (sea-food) کھانے کے شوقین ہیں تو یہ ترکیب آپ ہی کے لیے ہے، کیونکہ آج ہم نفیس، مصالحے دار اور لذیذ ڈش تیار کرنے والے ہیں جو جھینگے کے قدرتی ذائقے کو مزید تیکھا اور مزیدار بنا دے گی۔
بہت کم لوگوں کو جھینگا کھانا پسند ہوتا ہے لیکن اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ جھینگے کا ذائقہ مزیدار نہیں ہوتا، جھینگا کڑاہی، جھینگا رول، جھینگے کا باربی کیو اور جھینگا کٹاکٹ، جھینگا مصالحہ، جھینگا بریانی اور اس کے علاوہ کیکڑے کا سوپ اور کیکڑا باربی کیو بھی پاکستان میں شوق سے کھایا جاتا ہے بلکہ پاکستان میں اس کی ’سب سے بڑی‘ سی فوڈ مارکیٹ بھی موجود ہے۔
اس لیے آج ہم جھینگا پکوڑے بنانے جارہے ہیں جسے ایک بار گھر میں ضرور آزمائیں اور اس کا ذائقہ چکھیں۔
اسے رمضان کے دنوں میں افطاری کے لئے پودینے کی چٹنی کے ساتھ بھی پیش کیا جا سکتا ہے۔
اجزا
جھینگے، صاف کیے ہوئےآدھا کلو گرام
بیسن تین کپ
لال مرچ پسی ہوئی ایک کھانے کا چمچ
ہلدی پسی ہوئی ایک چائے کا چمچ
پسا ہوا دھنیا آدھا چائے کا چمچ
گرم مسالہ آدھا چائے کا چمچ
نمک ایک چائے کا چمچ
پسا ہوا زیرہ آدھا چائے کا چمچ
کٹی ہوئی مرچیں ایک چائے کا چمچ
ہری مرچیں کٹی ہوئی دو سے تین عدد
تازہ دھنیا کٹا ہوا آدھا کپ
پیاز باریک کٹی ہوئی ایک عدد
سوڈا پاؤڈر ایک کھانے کا چمچ
مکئی کا آٹا تین کھانے کے چمچ؎پانی دو سے تین پیالی
تیل تلنے کے لیے
ترکیب
ایک پیالے میں بیسن لیں اس میں لال مرچ، ہلدی، پسا ہوا دھنیا، گرم مصالحہ، نمک، پسا ہوا زیرہ، کٹی ہوئی مرچیں، ہری مرچیں، باریک کٹا ہوا دھنیا، پیاز باریک کٹی ہوئی، سوڈا پاؤڈر، کارن فلور ڈالیں۔
اب اس میں پانی شامل کرکے اچھے سے پھینٹ لیں تاکہ گاڑھا پن پیدا ہوجائے۔اب جھینگے ڈال کر مکس کرلیں۔
اب کڑاہی میں تیل گرم کریں اور جھینگوں کو اس میں ڈال کر سنہری ہونے تک اچھی طرح فرائی کریں
اب جھینگا پکوڑوں کو نکال کر ٹشو پیپر پر رکھ لیں تاکہ اضافی تیل جذب ہوجائے۔
مزے دار جھینگا پکوڑے تیار ہیں۔