لندن : ہیری پوٹر سیریز کے شائقین کے لئے خوشخبری ہے کہ فلمی دنیا کا یہ شاہکار ایک بار پھر واپس آرہا ہے۔
ہیری پوٹر سیریز کی رائٹر جے کے رولنگ ایک بار پھر اس جادوئی دنیا میں لوٹنے والی ہیں جس نے ایک دہائی سے زائد عرصے سے لوگوں کو اپنا دیوانہ بنا رکھا ہے۔
مگر اس بار یہ اس لڑکے کے گرد نہیں ہوگی جو زندہ بچ گیا بلکہ رولنگ ہیری پوٹر کی ایک کتاب کے مرکزی خیال کے ذریعے اسکرین رائٹنگ کا آغاز کر رہی ہیں۔
یہ مرکزی خیال ہیری پوٹر کے ناولوں میں دکھائے گئے حیرت انگیز درندوں اور ان کی جائے وقوعہ کے گرد گھومتا ہے اور برطانوی رائٹر نے فلم کمپنی وارنر برادر کی پیشکش پر اسے فلم کی شکل میں ڈھالنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔
جے کے رولنگ کا کہنا ہے کہ طویل عرصے تک فکشن کی دنیا میں رہنے کے بعد وہ ہیری پوٹر سیریز کے حوالے سے کافی حساس ہوگئی ہیں تاہم یہ بات واضح رہے کہ نئی فلم پوٹر سیریز کا کوئی نیا حصہ نہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اس فلم کی کہانی ہیری پوٹر کے عہد سے 70 سال پہلے کے نیویارک سے شروع ہوگی تاہم اس میں جادوئی دنیا کی روایات پرانی ہی دکھائی جائیں گی۔
دوسری جانب وارنر برادرز کا کہنا ہے کہ فنٹاسٹک بیسٹس اس فلم کی سیریز کا پہلا حصہ ہوگی جبکہ برطانوی مصنفہ کے ساتھ وڈیو گیمز اور دیگر شعبوں میں اشتراک کو بھی توسیع دی جائے گی۔