Live Election 2024

ڈیمز بنا کر بارش کے پانی کو ضائع ہونے سے بچایا جائے، مریم نواز

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ زیادہ سے زیادہ ڈیمز بنا کر بارش کے پانی کو ضائع ہونے سے بچایا جائے۔ ڈان...

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ زیادہ سے زیادہ ڈیمز بنا کر بارش کے پانی کو ضائع ہونے سے بچایا جائے۔

ڈان نیوز کے مطابق دورہ راولپنڈی کے دوران وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف دودوچھہ ڈیم سائٹ پہنچیں اور ڈیم سائٹ پر تعمیراتی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

فرينٹير وركس آرگنائزيشن (ایف ڈبلیو او) حکام نے وزیراعلی مریم نواز کو دودوچھہ ڈیم پر بریفنگ دی۔

انہیں بتایا گیا کہ دودچھہ ڈیم پروجیکٹ پر دوبارہ کام نومبر 2023 سے شروع کیا گیا، دودوچھہ ڈیم کے لیے سپل وے پر پانی کےاخراج کا عمل جاری ہے۔

مزید بریفنگ دی گئی کہ ڈیم راولپنڈی سے 25 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے، ڈیم کی اونچائی 123 فٹ، لمبائی 737 فٹ اورکیچمنٹ ایریا 129 مربع میل ہے۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے دودوچھہ ڈیم کی تکمیل کے لیے نومبر 2025 کی ڈیڈ لائن مقرر کردی۔

انہوں نے ہدایت دی کہ سائٹ پر اضافی مشینری اور افرادی قوت لگا کرمختلف سیکشنز پرکام شروع کروایا جائے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان آنے والے دنوں میں پانی کی شدید قلت کا شکار ہونے والے ملکوں میں سرفہرست ہے،زیادہ سے زیادہ ڈیمز بنا کر بارش کے پانی کو ضائع ہونے سے بچایا جائے۔