Live Election 2024

صدر مملکت اسمبلی کا اجلاس نہ بلا کر آئین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہو رہے ہیں، شہباز شریف

مسلم لیگ(ن) کے صدر اور نامزد وزیراعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ اسمبلی کا اجلاس بلانا صدر مملکت کا آئینی فریضہ ہے اور...

مسلم لیگ(ن) کے صدر اور نامزد وزیراعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ اسمبلی کا اجلاس بلانا صدر مملکت کا آئینی فریضہ ہے اور اجلاس نہ بلا کر وہ آئین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔

مسلم لیگ(ن) کے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صدر پاکستان ایک مرتبہ پھر آئین کی دھجیاں بکھیر رہے ہیں اور آئین کو تار تار کررہے ہیں، اسمبلی کا اجلاس بلانا ان کا آئینی فریضہ تھا جس کو انہوں نے نظرانداز کیا اور عمران خان کے نیازی کے اشارے پر ایسا کیا۔

نامزد وزیر اعظم نے کہا کہ صدر مملکت نے جس طرح ماضی میں تحریک عدم اعتماد کے موقع پر آئین کی خلاف ورزی کی، اسی طرح آج وہ پھر آئین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہو رہے ہیں، خیبر پختونخوا میں حلف لیا جا رہا ہے تو وہ آئینی ہے اور یہاں آئینی نہیں ہے، اس دوہرے معیار نے ہماری جڑوں کو کاری ضرب لگائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے 16ماہ کی اتحادی حکومت میں پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا ورنہ ہم یہاں نہ بیٹھے ہوتے، میں نواز شریف سے عرض کروں گا کہ آپ وزیر اعظم بنیں اور میں آپ کا ورکر بن کر ملک کی خدمت کروں گا۔