کھیل

پی ایس ایل9 میں دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز کو لگاتار چوتھی شکست، کراچی کنگز کامیاب

لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کے خلاف 6 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے، کراچی کنگز نے میچ آخری گیند پر ہدف حاصل کر کے دو وکٹوں سے فتح حاصل کر لی۔

پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے دسویں میچ میں کراچی کنگز نے دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد میچ کی آخری گیند پر دو وکٹوں سے شکست دے دی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔

قلندرز کو اننگز کی ابتدا میں ہی نقصان اٹھانا پڑا اور فخر زمان صرف 6 رنز بنانے کے بعد میر حمزہ کی وکٹ بن گئے۔

وین ڈر ڈوسن نے صاحبزادہ فرحان کے ہمراہ اسکور کو 45 تک پہنچایا لیکن اسی اسکور پر ان کی 26 رنز کی اننگز بھی اختتام کو پہنچی جبکہ احسن حفیظ بھی صرف 8 رنز بنا کر چلتے بنے۔

جہانداد خان 12، شے ہوپ 21 اور سکندر رضا بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے تو قلندرز کی ٹیم 16ویں اوور میں 121 رنز پر 6 وکٹیں گنوا چکی تھی۔

تاہم دوسرے اینڈ پر موجود صاحبزادہ فرحان نے ہمت نہ ہاری اور شاندار نصف سنچری اسکور کرنے کے ساتھ ساتھ جیارج لنڈے کے ہمراہ آخری 26 گیندوں پر جارحانہ بیٹنگ کا بھی مظاہرہ کیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے 54 رنز کی ساجھے داری بنائی جس کی بدولت قلندرز مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

صاحبزادہ فرحان نے 45 گیندوں پر 4 چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 72 رنز کی باری کھیلی جبکہ لنڈے نے 13 گیندوں پر 26 رنز بنائے۔

کراچی کنگز کی جانب سے میر حمزہ، تبریز شمسی اور حسن علی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی ٹیم 27 رنز پر تین وکٹیں گنوا بیٹھی، کپتان شان مسعود 10، محمد اخلاق 7 جیمز ونس 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

محمد نواز نے شعیب ملک کے ساتھ مل کر اسکور کو ابھی 44 تک پہنچایا ہی تھا کہ زمان خان نے نواز کو بولڈ کر کے اپنی ٹیم کو چوتھی کامیابی دلا دی۔

44 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد شعیب کا ساتھ دینے کیرون پولارڈ آئے اور دونوں اگلی 59 گیندوں پر 95 رنز کی شراکت قائم کر کے میچ کا پانسہ کراچی کنگز کے حق میں پلٹ دیا۔

اس میں اہم کردار پولارڈ کا رہا جنہوں نے چھکوں کی برسات کرتے ہوئے 33 گیندوں پر 58 رنز بنائے جس میں 6 فلک بوس چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔

139 کے مجموعے پر قلندرز کو اس وقت کامیابی ملی جب کپتان شاہین شاہ آفریدی نے پولارڈ کو چلتا کردیا۔

ابھی کراچی کنگز کی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ حارث رؤف نے دوسرے اینڈ پر سیت شعیب ملک کی اننگز کا خاتمہ کردیا جنہوں نے 32 گیندوں پر 39 رنز بنائے۔

اننگز کے آخری اوور میں کراچی کنگز کو فتح کے لیے 11 رنز درکار تھے لیکن حسن علی نے پہلی ہی گیند پر احسن حفیظ کو چھکا رسید کردیا اور اسی اوور کی چوتھی گیند پر مقابلہ برابر کردیا۔

لیکن اس اعصاب شکن مقابلے کے آخری اوور کی پانچویں گیند پر حسن علی بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ دے بیٹھے۔

لیکن اس اننگز کی آخری گیند پر وکٹ کیپر گیند نہ پکڑ سکے اور یوں کنگز نے سنسنی خیز مقابلے میں 2 وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی۔

قلندرز کی جانب سے احسن حفیظ اور زمان خان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

کیرون پولارڈ کو ان کی جارحانہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔