عمران خان نے وزیر اعظم بننے کے بعد کراچی والوں کیلئے کیا کام کروائے جو انہیں ووٹ ملتے، مصطفیٰ کمال
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم پ) کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ عمران خان نے وزیر اعظم بننے کے بعد کراچی والوں کے لیے کیا کام کروائے جو انہیں ووٹ ملتے۔
کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ الیکشن کے بعد کسی نے 20 اور کسی نے 40 سیٹیں حاصل کرنے کا دعویٰ کیا، کراچی کی اتنی نشستیں نہیں جتنی حاصل کرنے کے دعوے کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں نے طوفان بدتمیزی لگا رکھی تھی، جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کراچی سے جیتنے کا پروپیگنڈا کر رہی ہیں، 2018 میں پی ٹی آئی کو 14 سیٹیں تحفے میں دی گئی تھیں، عمران خان نے وزیر اعظم بننے کے بعد کراچی والوں کے لیے کیا کام کروائے جو آپ کو ووٹ ملتے۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے ملک میں ایک اصلاح نہیں کی، جھوٹ کے علاوہ تحریک انصاف نے ملک میں کیا کیا ہے، مخالفین بتائیں کہ کراچی کی بہتری کے لیے کیاکام کیا؟
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہماری کراچی سے 3 سیٹیں چھینی گئیں، ایم کیو ایم کی حیدرآباد، میرپور خاص اور سکھر میں بھی سیٹیں چھینی گئیں، ملک کو ہجان کی کیفیت میں نہ ڈالیں، ہم نے عوام کو آواز دی تو یہ گھروں سے نہیں نکل پائیں گے۔