دسترخوان

سمندری پکوانوں کے شوقین افراد کیلئے ’جھینگا بریانی‘

مزیدار جھینگا بریانی ایک لذیذ اور توانائی بخش پکوان ہے جو بیشتر گھروں میں روزانہ رات کے کھانے یا لنچ کے وقت تیار کیا جاتا ہے۔

اگر سمندری پکوان (sea-food) کھانے کے شوقین ہیں تو یہ ترکیب آپ ہی کے لیے ہے، کیونکہ آج ہم نفیس، مصالحے دار اور لذیذ ڈش تیار کرنے والے ہیں جو جھینگے کے قدرتی ذائقے کو مزید تیکھا اور مزیدار بنا دے گی۔

بہت کم لوگوں کو جھینگا کھانا پسند ہوتا ہے لیکن اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ جھینگے کا ذائقہ مزیدار نہیں ہوتا، جھینگا کڑاہی، جھینگا رول، جھینگے کا باربی کیو اور جھینگا کٹاکٹ، جھینگا مصالحہ اور اس کے علاوہ کیکڑے کا سوپ اور کیکڑا باربی کیو بھی پاکستان میں شوق سے کھایا جاتا ہے بلکہ پاکستان میں اس کی ’سب سے بڑی‘ سی فوڈ مارکیٹ بھی موجود ہے۔

اس لیے آج ہم جھینگا بریانی بنانے جارہے ہیں جسے ایک بار گھر میں ضرور آزمائیں اور اس کا ذائقہ چکھیں۔

یہ مزیدار جھینگا بریانی ایک لذیذ اور توانائی بخش پکوان ہے جو بیشتر گھروں میں روزانہ رات کے کھانے یا لنچ کے وقت تیار کیا جاتا ہے۔

اسے بنانے میں آپ کو تھوڑی محنت کی ضرورت ہوگی لیکن یہ منفرد اور لاجواب ڈش ذائقوں سے بھری ہوتی ہے، 4 سے 5 لوگوں کے جھینگا بریانی بنانے کے لیے نیچے دی ہوئی ترکیب پر عمل کریں:

اجزا:

کھانا پکانے کا تیل آدھا کپ

کالی الائچی 1

ہری الائچی 2

دارچینی 1

کالی مرچ کے دانے آدھا چائے کا چمچ

بادیان کا پھول 1

لونگ 3-4

تیز پتے 2

زیرہ آدھا چمچ

ادرک لہسن کا پیسٹ 1 چمچ

ہری مرچ 1 چمچ پسی ہوئی

ٹماٹر پیس کر 3 درمیانہ

پیپریکا پاؤڈر 1 چمچ

نمک آدھا چمچ یا حسب ذائقہ

ہلدی پاؤڈر 1 چائے کا چمچ

دھنیا پاؤڈر آدھا چمچ

زیرہ بھنا اور پسا ہوا 1 چمچ

دہی 1 کپ پھینٹ لیں

پیاز تلی ہوئی آدھا کپ

جھینگے آدھا کلو

گرم مصالحہ پاؤڈر 1 چائے کا چمچ

چاول 2 کپ (بھیگے اور ابالیں)

پیاز تلی ہوئی مٹھی بھر

تازہ دھنیا ¼ کپ

زردے کا رنگ ½ چائے کا چمچ + پانی 1 چمچ

ترکیب:

برتن میں کوکنگ آئل، کالی الائچی، ہری الائچی، دار چینی، کالی مرچ، بادیان کا پھول، لونگ، تیز پتے، زیرہ ڈال کر اچھی طرح مکس کریں۔

ادرک لہسن کا پیسٹ، ہری مرچیں ، پیسے ہوئے ٹماٹر ڈال کر اچھی طرح مکس کریں۔

اب اس میں پیپریکا پاؤڈر، نمک، ہلدی پاؤڈر، دھنیا پاؤڈر اور زیرہ ڈال کر اچھی طرح مکس کریں اور 5 منٹ تک پکائیں۔

پھر دہی، تلی ہوئی پیاز ڈالیں، مکس کریں اور 2-3 منٹ تک پکائیں۔

اب جھینگے شامل کریں اور اچھی طرح مکس کریں۔

ڈھک کر ہلکی آنچ پر 3-4 منٹ تک پکائیں پھر تیل الگ ہونے تک پکائیں۔

گرم مصالحہ پاؤڈر شامل کریں، اچھی طرح مکس کریں اور ایک طرف رکھ دیں۔

اب دوسرے برتن میں آدھی مقدار میں ابلے ہوئے چاول، تلی ہوئی پیاز، جھینگے کا مصالحہ، تازہ دھنیا، باقی ابلے ہوئے چاول، زردے کا رنگ اور تلی ہوئی پیاز شامل کریں۔

ڈھک کر بھاپ میں ہلکی آنچ پر 6-8 منٹ تک پکائیں اور سرو کریں!

مزے دار جھینگا بریانی تیار ہے۔

ساحلی علاقوں کے شاندار پکوانوں میں شامل مزیدار ’جھینگا مسالا‘

گھر میں ’فرائیڈ چکن‘ بنانے کی آسان ترکیب

خوشبودار اور لذیذ ذائقے سے بنا ’بھُنا ہوا تورائی قیمہ‘