کھیل

ورلڈ کپ: جنوبی افریقہ کے خلاف سلو اوور ریٹ پر قومی ٹیم پر 20فیصد جرمانہ عائد

پاکستان کو جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست ہوئی، پاکستانی ٹیم مقررہ وقت تک چار اوور پیچھے تھی۔
Welcome

ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں سلو اوور ریٹ پر پاکستانی ٹیم پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔

جمعہ کو چنئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 270 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دے کر علامی کپ میں پانچویں کامیابی حاصل کر لی۔

میچ کے اختتامی اور سنسنی خیز لمحات کے دوران پاکستان نے باؤلنگ اور فیلڈنگ میں کافی تبدیلیاں کیں جس کی وجہ سے میچ سست روی کا شکار ہوا تھا۔

میچ کے اختتام پر آئی سی سی ایلیٹ پینل کے میچ ریفری رچر رچرڈسن نے پاکستان ٹیم کو آگاہ کیا کہ وہ مقررہ وقت سے چار اوور پیچھے ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کے کوڈ آف کنڈٹ کے آرٹیکل 2.22 کے مطابق اگر کوئی بھی ٹیم مقررہ وقت میں اوورز ختم نہ کرسکے تو کھلاڑیوں پر فی اوور میچ فیس کا فیصد جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔

پاکستانی ٹیم مقررہ وقت میں چار اوورز پیچھے تھی اسی لیے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 20فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے اپنی غلطی اور سزا کو تسلیم کر لیا جس کے بعد باضابطہ سماعت کی ضرورت محسوس نہیں کی گئی۔

قومی ٹیم پر سلو اوور ریٹ کے یہ چارجز فیلڈ امپائر ایلکس وارف اور پال رائفل کے ساتھ ساتھ تھرڈ امپائر رچرڈ النگ ورتھ اور چوتھی امپائر رچرڈ کیٹل برو نے عائد کیے تھے۔

واضح رہے کہ اس میچ میں قومی ٹیم کی شکست کے بعد ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک رسائی تقریباً ناممکن ہو گئی ہے۔

جنوبی افریقہ کے ہاتھوں شکست قومی ٹیم کی ورلڈ کپ میں لگاتار چوتھی ہار تھی اور یہ پہلا موقع ہے کہ گرین شرٹس کو کسی ورلڈ کپ میں لگاتار چار میچوں میں شکستوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ورلڈ کپ: آسٹریلیا کے 389 رنز کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کو 5رنز سے شکست

مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں آئی ایم ایف ہدف سے زیادہ ٹیکس وصول ہوا، شمشاد اختر

ٹوئٹر نے ماہانہ فیس کے تین مختلف آپشنز پیش کردیے