پاکستان

مراد سعید، حماد اظہر، علی امین گنڈاپور سمیت پی ٹی آئی کے 10 رہنماؤں کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری

جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس میں ملزمان کو اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے، جہاں نظر آئیں گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے، عدالت
|

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس میں مراد سعید، عمر ایوب خان، علی امین گنڈاپور سمیت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 10 رہنماؤں کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس میں طلبی کے باوجود عدالت سے مسلسل غیر حاضری پر انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے پی ٹی آئی کے 10 رہنماؤں کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کیے جن میں مراد سعید، عمر ایوب خان، علی امین گنڈاپور شامل ہیں۔

دیگر ملزمان میں شبلی فراز، حماد اظہر، علی نواز اعوان، حسان خان نیازی، عمر سلطان اور کرنل محمد عاصم بھی شامل ہیں جن کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے ہیں۔

عدالت نے فرخ حبیب کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے جو گزشتہ ہفتے پی ٹی آئی سے راہیں جدا کر چکے ہیں۔

عدالت کی جانب سے ہدایت دی گئی کہ ملزمان کو اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے، جہاں نظر آئیں گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔

یاد رہے کہ رواں برس 18 مارچ کو عمران خان توشہ خانہ کیس کی سماعت میں پیشی کے لیے جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد پہنچے تو اسلام آباد پولیس اور پی ٹی آئی کارکنان کے درمیان گھنٹوں تک جھڑپیں جاری رہی تھیں۔

اس دوران پولیس اور پی ٹی آئی کے حامیوں کی جانب سے ایک دوسرے کو پیچھے دھکیلنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا گیا، پی ٹی آئی نے پولیس کی گاڑیوں کو آگ لگانے کے لیے پیٹرول بموں کے ساتھ ساتھ پولیس پر پتھراؤ بھی کیا۔

بعد ازاں اسلام آباد پولیس نے فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس کے باہر کشیدگی پر پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور دیگر کے خلاف دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت سی ٹی ڈی پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا تھا۔

مقدمے میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 148، 149، 186، 353، 380، 395، 427، 435، 440 اور 506 لگائی گئی تھیں۔

صدر پی ٹی آئی پرویز الہٰی کو بھی ستمبر میں اسی کیس میں گرفتار کرلیا گیا تھا، گزشتہ روز اُن کے جوڈیشل ریمانڈ میں 21 نومبر تک توسیع کر دی گئی۔

قرض پروگرام کا پہلا جائزہ: آئی ایم ایف کی ٹیم 2 نومبر کو پاکستان آئے گی

’افغانستان سے شکست کے بعد سیمی فائنل کی توقع کرنا خود کو دھوکا دینے کے برابر ہوگا‘

چین: بجٹ خسارے میں اضافہ، نئے بانڈز کے اجرا سے اقتصادی بحالی میں مدد متوقع