نزلہ اور زکام سے چھٹکارا پانے کیلئے ریسٹورنٹ اسٹائل ’چکن کارن سوپ‘ گھر پر بنائیں
ستمبر شروع ہوتے ہی موسم میں تبدیلی آنا شروع ہوجاتی ہے جس کے باعث چھوٹے ہوں یا بڑے سبھی لوگ نزلہ، کھانسی اور گلے میں درد کی شکایت کرتے ہیں، فلو سے چھٹکارا پانے کے لیے آج ہم مزیدار گرما گرم چکن کارن سوپ کی ترکیب آپ کے ساتھ شئیر کررہے ہیں۔
چکن کارن سوپ تو ویسے عموماً لوگ سردیوں میں بنایا جاتا ہے، رات کو سرد موسم میں اکثر لوگ ڈنر کرنے کے بجائے چکن کارن سوپ بنانے کو ترجیح دیتے ہیں کیونکہ چکن کا سوپ ہمارے جسم کو سیلینیم، وٹامن اے اور سی، اور مختلف اینٹی آکسیڈینٹ فراہم کرتا ہے تاکہ قوت مدافعتی نظام کو فروغ دیا جاسکے اور بیماریوں سے لڑیں۔
ریسٹورنٹ اسٹائل چکن کارن سوپ گھر پر بنانے کے لیے آپ کو نیچے دیے گئے اجزا اور ترکیب کو فالو کریں:
اجزا:
تیل 2کھانے کے چمچ
لہسن کٹا ہوا ایک چمچ
ادرک کٹی ہوئی ایک چمچ
ہری مرچ 3-4 کٹی ہوئی
چکن بغیر ہڈی کے پتلی کاٹ لیں (250 گرام)
یخنی 2 لیٹر (یا اس کی جگہ آپ 2 لیٹر پانی میں 2-3 اسٹاک کیوبز شامل کرسکتے ہیں)
سفید مرچ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ
نمک ایک چائے کا چمچ یا حسب ذائقہ
کالی مرچ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ
سرکہ 2 چمچ
لیموں کا رس 3-4 چمچ
سویا ساس 2-3 چمچ
کٹی ہوئی بند گوبھی ایک اور ½ کپ
کٹی ہوئی گاجر ایک کپ
کارن 5-6 کٹے ہوئے
ہری جڑی بوٹیاں ( تلسی/ اجمودا/ دھنیا) کٹی ہوئی 2-3 چمچ
ہری پیاز کے پتے کٹے ہوئے ¼ کپ
کارن فلور 5-6 چمچ یا حسب ضرورت
پانی آدھا کپ یا حسب ضرورت
دو انڈے
کالی مرچ (پسی ہوئی)
ترکیب
ایک برتن میں کوکنگ آئل، لہسن، ادرک ڈال کر اچھی طرح مکس کریں۔
اب اس میں ہری مرچیں ڈال کر اچھی طرح مکس کریں اور چکن شامل کریں اور اس وقت تک اچھی طرح مکس کریں جب تک کہ اس کا رنگ نہ بدل جائے، اب اس میں یخنی شامل کرلیں
اب اس میں سفید مرچ پاؤڈر، نمک، کالی مرچ پاؤڈر، سرکہ، لیموں کا رس، سویا ساس ڈال کر اچھی طرح مکس کریں اور ابال لیں۔
اس میں گوبھی، گاجر، کارنز، ہری جڑی بوٹیاں ڈال کر اچھی طرح مکس کریں اور ہلکی آنچ پر 10 سے 12 منٹ تک پکائیں۔
تھوڑی دیر بعد ہری پیاز کے پتے ڈال کر دوبارہ اچھی طرح مکس کریں۔
اب الگ سے ایک پیالے میں کارن فلور میں پانی ڈال کر اچھی طرح پھینٹ لیں اور اسے چکن کارن سوپ میں ڈال دیں اور اچھی مکس کرتے جائیں اور دھیمی آنچ پر تقریباً 2 منٹ تک پکائیں۔
اب اس میں پھینٹے ہوئے دو انڈے شامل کریں، اور آہستہ سے چمچ سے ہلائیں اور ایک منٹ تک پکائیں۔
اب پسی ہوئی کالی مرچ اور ہری پیاز کے پتے چھڑک کر مزیدار چکن کارن سوپ سرو کریں اور فیملی کے ساتھ بھی شئیر کریں۔