لائف اسٹائل

شوبز انڈسٹری میں صنم جنگ کی وجہ سے آئی ہوں، سحر خان

سحر خان نے حال ہی میں نامور ڈراما سیریل فیری ٹیل میں کام کیا تھا، ڈرامے کو مزاحیہ کہانی کی وجہ سے کافی شہرت ملی تھی۔

نامور ڈراما سیریل فیری ٹیل میں کام کرنے والی اداکارہ سحر خان کا کہنا ہے کہ وہ شوبز انڈسٹری میں اداکارہ صنم جنگ کی وجہ سے آئی ہیں۔

چھوٹی عمر میں مقبولیت کے جھنڈے گاڑنے والی اداکارہ سحر خان نے حال ہی میں نامور ڈراما سیریل فیری ٹیل میں کام کیا تھا، جس میں انہوں نے حمزہ سہیل کے مقابل امید کا کردار ادا کیا تھا۔

ڈرامے کو مزاحیہ کہانی کی وجہ سے کافی شہرت ملی ہے اور اسی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے اس کا سیزن 2 بھی نشر کیا گیا تھا۔

فیری ٹیل سے قبل سحر خان کئی پاکستانی ڈراموں میں کام کرچکی ہیں جن میں ’میں اگر چپ ہوں‘، ’سانوری‘، ’زخم‘، ’مشک‘، ’رنگ محل‘ شامل ہیں، تاہم سحر خان کو شہرت ڈرامہ سیریل فیری ٹیل سے ملی۔

اداکارہ نے حال ہی میں سمتھنگ ہاٹ کو انٹرویو دیا جہاں انہوں نے اپنے کرئیر کے علاوہ فیریل ٹیل کی شہرت اور ذاتی زندگی سے متعلق گفتگو کی۔

ڈراما فیری ٹیل کے بارے میں بات کرتے ہوئے سحر خان نے کہا کہ انہوں نے فیریل ٹیل کے اسکرپٹ کو 8 بار منع کیا تھا۔

انہوں نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ میں نے فیری ٹیل کا اسکرپٹ نہیں پڑھا تھا، اس وقت میں کسی اور پروجیکٹ میں مصروف تھی، اس لیے فیری ٹیل کو 8 بار منع کرچکی تھی۔

سحر خان نے کہا کہ ڈائریکٹر کے اصرار پر میں نے جب اسکرپٹ پڑھا تو اپنا ارادہ بدل دیا اور فیصلہ کرلیا کہ یہ مجھے ہی کرنا ہے۔

اداکارہ نے اپنے کریئر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے کریئر کا پہلا ڈراما ’سانوری‘ تھا جس کے بعد لوگوں نے مجھے پہچاننا شروع کیا، لوگ جب میرے ڈرامے کی وجہ سے مجھے پہچانتے تھے تو مزہ آتا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ڈراما انڈسٹری میں قدم رکھنے کے بعد میں فیملی کو وقت نہیں دے پاتی، جس کی وجہ سے میری فیملی کا ہر شخص مجھ سے ناراض رہتا ہے، لیکن میری فیملی میرے کام کی وجہ سے بہت خوش ہیں۔

شوبز انڈسٹری میں قدم رکھنے سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں خود حیران ہوتی ہوں کہ میں شوبز انڈسٹری میں کیسے آگئی، اس فیلڈ میں آنے کی میرے والد کبھی اجازت نہیں دیتے، ہاں البتہ مجھے گلوکارہ بننے کا شوق تھا، میں چاہتی تھی کہ لوگ مجھے پہنچانیں۔

سحر خان نے کہا کہ شوبز انڈسٹری میں قدم رکھنے کی اصل وجہ اداکارہ صنم جنگ ہیں۔

سحر خان نے کہا کہ میری ایک دوست نے مجھے صنم جنگ سے میری ملاقات کروائی، صنم جنگ نے میری ایک ڈائریکٹر سے ملاقات کروائی اور پھر میرا آڈیشن ہوا اور میں سیلکٹ ہوگئی۔

سحر نے بتایا کہ آڈیشن میں سیلکٹ ہونے کے بعد دادا نے مجھے اجازت دے دی جس کے بعد میرے فیصلے پر فیملی کو کوئی اعتراض نہیں تھا۔

’پیار بے وقوفوں کا کام ہوتا ہے، دل ٹوٹنے سے ڈرتی ہوں‘

شادی کے بارے میں بات کرتے ہوئے سحر نے یہ بتایا کہ ’میرے والدین میری شادی کے بارے میں بات نہیں کرتے، میری الگ طرح کی سوچ ہے، میں فیری ٹیل کی کہانی سے متفق نہیں ہوں کہ کوئی شہزادہ آکر لڑکی کو بچائے گا، بلکہ میں اس بات پر یقین رکھتی ہوں کہ لڑکی کو خوداعتماد اور کامیاب ہونا چاہیے۔‘

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں زندگی میں کبھی محبت نہیں ہوئی، ’مجھے لگتا ہے میں سمجھدار ہوگئی ہوں، پیار بے وقوفوں کا کام ہے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں رشتوں کے بارے میں بہت ڈرتی ہوں، مجھے دل ٹوٹنے سے بہت ڈر لگتا ہے، جب آپ کسی شخص کو اپنا وقت دیتے ہو اور آخر میں دھوکا مل جائے تو برداشت کرنا مشکل ہوتا ہے، لیکن دل ٹوٹنا ضروری بھی ہے۔

سحر نے کہا کہ لیکن میں چاہتی ہوں کہ جس شخص کو میں اپنا وقت دوں وہ اس کا مستحق ہو، ایسا نہ ہو کہ میں کسی غلط انسان کا انتخاب کرلوں اور بعد میں مجھے پچھتاوا ہو، اس لیے میں ابھی صرف انتظار کررہی ہوں، میری توجہ ابھی صرف کام پر ہے، اس کے بعد میں شادی کے بارے میں سوچوں گی۔

’مائی ری‘ میں کم عمر بیوی کو حاملہ دکھانے پر لوگ برہم

رمضان المبارک میں دکھائے جانے والے خصوصی ڈرامے

پاکستانی کبھی بھول نہیں سکتےکہ میں نے عمران ہاشمی کے ساتھ کام کیا، حمائمہ ملک