خاتون فٹبالر کا ہونٹوں پر بوسہ لینے پر ہسپانوی فٹبال فیڈریشن کے سربراہ معطل
فیفا کی ڈسپلنری کمیٹی نے خاتون فٹبالر کو ہونٹوں کا بوسہ لینے پر اسپینش سوکر فیڈریشن کے سربراہ لوئس روبیالیس کو 90 دن کے لیے عبوری طور پر معطل کردیا۔
اتوار کو سڈنی میں کھیلے گئے خواتین کے فٹ بال ورلڈ کپ کے فائنل میں اسپین نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو شکست دے کر پہلی مرتبہ عالمی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
ورلڈ کپ جیتنے کے بعد اسپین فٹبال فیڈریشن کے سربراہ لوئس روبیالیس نے اسپین کی خاتون فٹبالر جینی ہرموسو کے ہونٹوں پر بوسہ دیا تھا جس پر انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
اس بات کی توقع کی جا رہی تھی کہ مسلسل تنقید کے بعد جمعے کو روبیالیس اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیں گے لیکن اس کے بجائے انہوں نے استعفیٰ دینے سے انکار کردیا تھا۔
فیڈریشن کے سربراہ نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے جینی ہرموسو کی رضامندی سے ان کے ہونٹوں کا بوسہ لیا تھا تاہم جینی ہرموسو نے اس دعوے کی تردید کی تھی جس کے بعد ہسپانوی فٹبال فیڈریشن نے روبیالیس کے خلاف سخت کارروائی کا عندیا دیا تھا۔
فیفا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ فیفا کی ڈسپلنری کمیٹی نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر لوئس روبیالیس کو فٹبال کی تمام سرگرمیوں سے عبوری طور پر معطل کر دیا ہے۔
ڈسپلنری کمیٹی نے روبیالیس اور اسپین فٹبال فیڈریشن کے تمام عہدیداروں اور ملازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ جینی ہرموسو یا ان کے قریبی افراد سے رابطہ یا رابطے کی کوشش نہ کریں۔
ورلڈ کپ جیتنے والی اسپین کی قومی فٹ بال ٹیم کے ساتھ ساتھ دیگر کھلاڑیوں نے بھی کہا تھا کہ اگر روبیالیس فیڈریشن کے سربراہ برقرار رہتے ہیں تو وہ بین الاقوامی میچز نہیں کھیلیں گے۔
فیفا کے بیان میں کہا گیا کہ ڈسپلنری کمیٹی کے چیئرمین کی جانب سے لیے گئے فیصلے سے روبیالیس، اسپینش فٹبال فیڈریشن اور یوئیفا کو آگاہ کردیا گیا ہے تاکہ وہ اس پر عمل کر سکیں۔
کمیٹی نے کہا ہے کہ وہ حتمی فیصلے تک ڈسپلنری کارروائی کے بارے میں مزید تفصیلات جاری نہیں کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز فٹبال فیڈریشن کے ہنگامی اجلاس کے دوران روبیالیس نے عہدے سے مستعفی ہونے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں استعفیٰ نہیں دوں گا، میں استعفیٰ نہیں دوں گا، میں استعفیٰ نہیں دوں گا، مجھے یہاں سے نکالنے کے لیے کیا ایک متفقہ کوشش کافی ہوگی، میں آخر تک لڑوں گا۔
انہوں نے کہا تھا کہ مجھ پر اس ہفتے جو دباؤ ڈالا گیا ہے وہ عوامی سطح پر میری تذلیل کی کوشش ہے، اس موقع پر ان کے الفاظ کو خواتین ٹیم کی متنازع کوچ جورج ولڈا نے سراہا۔
فیڈریشن کے سربراہ نے کہا تھا کہ میں جینی ہرموسو کو دلاسا دینا چاہتا تھا جو نے انگلینڈ کے خلاف فائنل میچ میں پینالٹی پر گول اسکور نہیں کر سکی تھیں۔