حمل ضائع ہوا تو لوگوں نے کہا کہ میں نے فیشن کیلئے بچے کو مار دیا ہے، آمنہ ملک
اداکارہ اور میزبان آمنہ ملک نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے 3 دفعہ حمل ضائع ہوچکے ہیں۔
آمنہ ملک نے حال ہی میں یوٹیوبر نادر علی کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے کرئیر، شادی اور زندگی میں آنے والی مشکلات کا ذکر کیا۔
انہوں نے اپنے حمل ضائع ہونے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’میں ڈپریشن میں چلی گئی تھی، پڑھے لوگوں نے مجھے کہا کہ میں نے فیشن کی خاطر اپنے بچوں کو خود ہی مار دیا ہے۔‘
آمنہ ملک نے بتایا کہ اداکاری سے قبل وہ ٹیچنگ کررہی تھیں، اس دوران انہیں مارننگ شو میں میزبانی کی آفر ہوئی لیکن انہوں نے انکار کردیا۔
انہوں نے بتایا کہ مارننگ شو میں شادی بیاہ اور رقص کرتے ہیں جس کی وجہ سے میرے والدین نے منع کردیا اور میں خود بھی نہیں کرنا چاہتی تھی کہ ایسا کوئی پروگرام کروں، بعدازاں انہیں ایک نیوز چینل سے مارننگ شو میں میزبانی کی پیشکش ہوئی جہاں انہوں نے 2012 سے اپنے پروگرام اور کرئیر کا آغاز کیا۔
اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ مجھے اس وقت مارننگ شو کی میزبانی کے لیے ڈیڑھ لاکھ روپے ملتے تھے، لیکن بڑے چینلز کے مارننگ شوز میزبانی کےلیے 15 لاکھ معاوضہ دیتے ہیں۔
’ٹیلنٹ نہیں ’نمبرز‘ کی بنیاد پر کام ملتا ہے‘
آمنہ ملک نے بتایا کہ شوبز انڈسٹری میں کئی اداکارائیں ایسی ہیں کہ اگر ان کا ایک ڈراما ہٹ ہوجائے تو وہ سمجھتی ہیں کہ انہیں سب کچھ آتا ہے، ان کے سیکھنے کا عمل وہیں پر ختم ہوجاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ’آج کل سوشل میڈیا کا دور ہے تو بلیو ٹک کافی اہمیت رکھتا ہے، کافی اداکاروں نے آدھے سے زیادہ فالوورز خریدے ہوئے ہیں۔‘
آمنہ نے پوڈکاسٹ میں نام لیے بغیر بتایا کہ ’کئی اداکارائیں انٹرویوز میں کچھ اور کہتی ہیں اور جب ڈرامے کے سیٹ پر ملاقات ہوتی ہے تو ان کی شخصیت بالکل الگ ہوتی ہے۔‘
’شوبز اداکارائیں کسی انٹرویو میں جاتی ہیں تو ایسا لگتا ہے کہ دنیا میں ان جیسا رحم دل شخص کوئی نہیں ہے، یہ لوگ جعلی ہوتے ہیں‘۔
انہوں نے بتایا کہ ’لڑکیاں روزانہ منصوبہ بندی کرتی ہیں کہ آج انہیں کس اداکار کو نیچا دکھانا ہے، لڑکیاں سیٹ پر ایک دوسرے کے ساتھ تصاویر بھی نہیں لیتی کہ اگر انہوں نے سوشل میڈیا پر تصویر لگا دی تو کہیں اس کے فالوورز نہ بڑھ جائیں، آج کے دور میں ٹیلنٹ کی بنیاد پر نہیں بلکہ نمبرز کی بنیاد پر کام مل رہا ہے۔ ’
’تین دفعہ حمل ضائع ہوچکے ہیں‘
آمنہ ملک نے اپنی شادی سے متعلق بتایا کہ ان کی شادی 18 سال کی عمر میں ہوگئی تھی، ان کی دو بیٹیاں ہیں، بڑی بیٹی 20 سال کی ہے اور چھوٹی بیٹی 13 سال کی ہے۔
اداکارہ آمنہ ملک نے بتایا کہ وہ شروع سے بہت شرارتی، باتونی لڑکی تھیں، جو منہ میں آتا بول دیتی تھیں، جس کی وجہ سے شادی کے بعد انہیں کافی مشکل کا سامنا کرنا پڑا، انہوں نے بتایا کہ پہلی بیٹی جب 4 سال کی تھی تو دوسرے بچے کی پیدائش کو کچھ ماہ باقی تھے۔
اداکارہ نے بتایا کہ ’اس وقت حمل کا ساتواں مہینہ تھا، گھر کے کاموں کے دوران مجھے نہیں معلوم تھا کہ بچے کا انتقال ہوچکا ہے، الٹراساؤنڈ کروانے گئی تو معلوم ہوا کہ بچہ زندہ نہیں ہے‘۔
اداکارہ بتاتی ہیں کہ ’میرے ڈاکٹر نے آپریشن کرنے سے انکار کر دیا اور نارمل ڈلیوری کا مشورہ دیا، وہ دن میرے لیے کافی تکلیف دہ تھے، جو لوگ مجھ سے ملنے آتے تھے وہ بچے کے مرجانے کا افسوس کرتے تھے (کیونکہ وہ بیٹا تھا) انہیں میری کوئی فکر نہیں تھی۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’اس وقت سسرال میں کسی کی شادی تھی، تو سب کو شادی میں پہنچنے کی فکر تھی، کسی کو میری فکر نہیں تھی، میں اپنی والدہ کے ساتھ اسپتال میں اکیلی تھی۔ ’
’لوگوں نے کہا کہ میں نے فیشن کے لیے بچے کو خود ہی مار دیا ہے‘
آمنہ نے بتایا کہ ’سسرال کی طرف سے میرے اوپر بچے پیدا کرنے کے حوالے سے کافی دباؤ تھا، اس واقعے کے 5 ماہ بعد میں دوبارہ حاملہ ہوئی اور وہ بچہ بھی ضائع ہوگیا اور پھر اسی طرح کچھ ماہ بعد دوبارہ حاملہ ہوئی تو حمل کے تیسرے ہفتے بچہ ایک بار پھر ضائع ہوگیا، میں اس دوران بہت ڈپریشن میں تھی۔
اداکارہ نے بتایا کہ ’پھر کچھ ماہ بعد میری بیٹی ہوئی اور میں بہت خوش تھی، جب لوگوں کو الٹراساؤنڈ کے ذریعے معلوم ہوا کہ میری بیٹی ہونے والی ہے تو لوگ کہنے لگے کہ ’کوئی معجزہ ہوجائے کہ بیٹی بیٹا بن جائے‘، مجھے آج بھی دکھ ہوتا ہے کہ لوگ بیٹا اور بیٹی میں فرق کرتے ہیں۔‘
’جب حمل ضائع ہوا تو مجھے لوگوں نے کہا کہ میں نے اپنے فیشن کے لیے بچے کو خود ہی مار دیا ہے۔‘
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس دوران ان کے شوہر نے ان کا بہت ساتھ دیا لیکن معاشرہ ایسی باتوں کو تسلیم نہیں کرتا۔
’کئی اداکارائیں اپنے بچے چھپاتی ہیں‘
آمنہ ملک نے بتایا کہ ’گھر بیٹھ کر مطلبی باتیں کرنا بہت آسان ہے، جس کی وجہ سے میں نے سوشل میڈیا پر اپنی بیٹیوں کی تصاویر لگانا بھی بند کردی ہیں، کافی پروڈکشن ہاؤسز نے مجھے یہ تک کہہ دیا کہ میں سوشل میڈیا پر اپنے بچوں کی تصاویر لگاتی ہوں اس لیے مجھے ماؤں کے کردار زیادہ ملتے ہیں۔‘
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’اسی وجہ سے کافی اداکاروں نے اپنے بچوں کو چھپایا ہوا ہے، کچھ لوگوں نے تو بتایا ہی نہیں ہوا کہ ان کے بچے ہیں۔‘
بھارت میں فلم آفر ہونے سے متعلق آمنہ نے بتایا کہ انہیں بولی وڈ سے کوئی فلم آفر نہیں ہوئی، لیکن 2015 میں جب لندن میں فیشن شو کرنے گئی تھیں تو اس دوران انہیں نیٹ فلکس سیریز کے آڈیشن کے لیے بلایا گیا اور وہ آڈیشن دینے چلی گئیں، جب واپس آئیں انہیں ای میل موصول ہوئی جس میں انہیں نیٹ فلکس سیریز میں اداکاری کی آفر ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ’چونکہ اس وقت نیٹ فلکس پاکستان میں زیادہ مقبول نہیں تھا، تو مجھے معلوم نہیں تھا کہ یہ کس طرح کا ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے، اس وقت میں نے اس پیشکش ٹھکرادیا تھا۔ ’
شادی میں دلہن کے رقص کرنے سے متعلق آمنہ ملک نے اپنی رائے دیتےہوئے بتایا کہ ’شادی میں دلہن کا اپنا Charm ہوتا ہے، ان کا مایوں اور مہندی میں بہت زیادہ میک اپ کرنا مجھے سمجھ نہیں آتا۔‘
انہوں نے بتایا کہ میں حیران ہوتی ہوں کہ کچھ لڑکیاں اپنی شادی کے لیے باقاعدہ رقص کی پریکٹس کرتی ہیں، اس موقع پر لڑکیوں کا مہنگے مہنگے جوڑے پہننا، بہت زیادہ میک اپ کرنا اور رقص کرنا میری سمجھ سے بالاتر ہے۔