دیوداس اور جودھا اکبر جیسی نامور فلموں کے آرٹ ڈائریکٹر نے خودکشی کرلی
مشہور بولی وڈ فلم دیوداس اور جودھا اکبر کے نامور آرٹ ڈائریکٹر نتن دیسائی اپنے فلم اور ٹیلی ویژن پروڈکشن اسٹوڈیو میں مردہ پائے گئے، پولیس کے مطابق انہوں نے مالی تنگ دستی کی وجہ سے خودکشی کی ہے۔
بھارتی میڈیا انڈیا ٹوڈے کے مطابق بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے ضلع رائے گڑھ میں واقع این ڈی نامی اسٹوڈیو میں نامور آرٹ ڈائریکٹر نتن دیسائی مردہ پائے گئے، ابتدائی رپورٹس کے مطابق انہوں نے خودکشی کی۔
بی جے پی رہنما مہیش بلدی کا کہنا ہے کہ نتن دیسائی مالی بحران کا شکار تھے، ان کا اسٹوڈیو میرے حلقے میں ہے، جو کئی دنوں سے مالی بحران کا شکار تھا اور اسی وجہ سے آج صبح انہوں نے این ڈی اسٹوڈیو میں خودکشی کرلی ہے۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق نتن دیسائی 252 کروڑ بھارتی روپے کے قرض دار تھے اور عدالت نے گزشتہ ہفتے ان کی کمپنی کے خلاف دیوالیہ پن کی درخواست کو قبول کیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ وہ واقعے کی تمام زاویوں سے تحقیقات کر رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق نتن دیسائی نے 2 اگست کی صبح 4 بج کر 30 منٹ پر خودکشی کی تھی، ایک پولیس وین کو بھی این ڈی اسٹوڈیوز میں داخل ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔
نتن دیسائی کی موت بولی وڈ انڈسٹری کے لیے بہت بڑا دھچکا ہے، ان کی کچھ روز بعد ہی 6 اگست کو 58ویں سالگرہ تھی۔
بولی وڈ اداکار اکشے کمار نے نتن دیسائی کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹ کی کہ نتن دیسائی کی موت کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا، وہ پروڈکشن ڈیزائن اور ہماری سنیما برادری کا اہم حصہ تھے، انہوں نے میری بہت سی فلموں میں کام کیا، ان کی موت بولی وڈ انڈسٹری کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔
اکشے کمار نے لکھا کہ ’نتن دیسائی کی موت کی وجہ سے آج او ایم جی 2 کا ٹریلر ریلیز نہیں کریں گے‘۔
نتن دیسائی کو بولی وڈ کی بلاک بسٹر فلموں کے شاہانہ سیٹ ڈیزائن تیار کرنے کے لیے جانا جاتا ہے انہوں نے فلم یاد گار میوزک فلم ’ہم دل دے چکے صنم‘، ’دیوداس‘، ’جودھا اکبر‘، اور ’لگان‘ کے زبردست سیٹ تیار کیے۔
وہ اس شعبے سے 20 سال سے وابستہ تھے، انہوں نے اپنے کریئر کے دوران بھارت کے نامور ہدایت کاروں کے ساتھ کام کیا تھا۔
2002 میں وہ فلم پروڈیوسر بنے، اور بعد ازاں 2005 میں انہوں نے اپنا این ڈی اسٹوڈیو کھولا، جس کے بعد انہوں نے جودھا اکبر، ٹریفک سگنل اور ریئلٹی شو بگ باس جیسے شوز کے لیے کام کیا۔
آرٹ ڈائریکٹر کے طور پر ان کا آخری پروجیکٹ 2019 کی فلم پانی پت تھا۔