کولمبو ٹیسٹ میں سری لنکا کو ایک اننگز اور 222 رنز سے شکست، سیریز پاکستان کے نام
پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میں عبداللہ شفیق اور آغا سلمان کی شان دار بیٹنگ کے بعد نعمان علی کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت سری لنکا کو اننگز اور 222 رنز سے شکست دے کر 2 میچوں کی سیریز 0-2 سے جیت لی۔
سری لنکا کے کولمبو کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان نے سری لنکا کے خلاف اپنی پہلی اننگز 5 وکٹوں پر 576 رنز بنا کر ڈیکلیئر کر دی تھی، اس طرح اسے میزبان ٹیم پر 410 رنز کی بڑی برتری حاصل ہو گئی۔
پاکستان کی جانب سے شان دار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 وکٹیں بائیں ہاتھ کے اسپنر نعمان علی نے حاصل کیں اور فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔
سری لنکا کی جانب سے نشان مدوشکا 33، کپتان دیموتھ کرونارتنے 41، کوشل مینڈس 14، دنیش چندیمل ایک اور دھننجایا ڈی سلوا 10 رنز، سدیرا سمارا وکرما 5، رمیش مینڈس 16رنز ، پربت جے سوریا صفر، اسیتھا فرنینڈو صفر اور دلشان مدوشنکا بھی صفر پر آؤٹ ہوئے، تجربہ کار بلے باز اینجلو میتھیوز 63 رنز بنا سکے۔
قبل ازیں جب میچ کے آخری روز کھیل شروع ہوا تو پاکستان کا اسکور 5 وکٹوں کے نقصان پر 563 رنز تھا، سلمان علی آغا اور محمد رضوان کی شراکت داری نے اسکور 576 رنز تک پہنچایا، 13 رنز کے اضافے کے بعد جیسے ہی محمد رضوان کی نصف سنچری مکمل ہوئی، پاکستان نے 410 رنز کی برتری حاصل کرکے اننگز ڈیکلیئر کر دی۔
تیسرے روز کا کھیل شروع ہوا تو پاکستان کا اسکور 2 وکٹوں پر 178 رنز تھا تاہم عبداللہ شفیق اور کپتان بابراعظم نے اچھی شراکت قائم کرتے ہوئے اسکور 210 رنز تک پہنچایا۔
بابر اعظم 39 اور سعود شکیل 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد عبداللہ شفیق اور سلمان علی آغا نے طویل شراکت قائم کی، عبداللہ شفیق نے ڈبل سنچری بنا کر ٹیم کو مضبوط پوزیشن پر کھڑا کیا۔
عبداللہ شفیق تیسرے روز آؤٹ ہونے والے آخری بلے باز تھے جنہوں نے 201 رنز کی شان دار اننگز کھیلی اور 468 کے مجموعے پر اسیتھا جے سوریا کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
عبداللہ شفیق کے آؤٹ ہونے کے بعد تجربہ کار وکٹ کیپر سرفراز احمد بیٹنگ کے لیے آئے لیکن بدقسمتی سے وہ بیٹنگ جاری نہ رکھ سکے اور ہیلمٹ پر گیند لگنے کے بعد ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر واپس چلے گئے۔
آغا سلمان کا ساتھ دینے کے لیے پھر محمد رضوان میدان میں آئے اور دونوں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور دن کے اختتام تک مزید کوئی وکٹ گرنے نہیں دی۔
کولمبو ٹیسٹ کا تیسرا دن ختم ہوا تو پاکستان نے 5 وکٹوں پر 563 رنز بنائے تھے اور اسے سری لنکا پر 397 رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔
آغا سلمان 132 اور محمد رضوان 37 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔
واضح رہے کہ اس سیریز کے ساتھ دونوں ٹیموں نے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 25-2023 کا آغاز کیا ہے۔
سیریز کے دوسرے اور فائنل ٹیسٹ میچ کے لیے قومی ٹیم میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور ان تمام کھلاڑیوں کو برقرار رکھا گیا تھا جو پہلے ٹیسٹ میچ میں ٹیم کا حصہ تھے۔
سری لنکا نے اپنی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی تھیں، فاسٹ باؤلرز وشوا فرنینڈو اور کاسن راجیتھا کی جگہ آسیتھا فرنینڈو اور دلشان مدوشنکا کو شامل کیا گیا ہے۔
سری لنکا کے لیے 6 ون ڈے اور 11 ٹی 20 کھیلنے والے بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر مدوشنکا نے اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کیا۔
سری لنکا کی ٹیم میں دیموتھ کرونارتنے (کپتان)، نشان مدوشکا، کوشل مینڈس، اینجلو میتھیوز، دھننجایا ڈی سلوا، دنیش چندیمل، سدیرا سمارا وکرما (وکٹ کیپر)، رمیش مینڈس، پربت جے سوریا، اسیتھا فرنینڈو اور دلشان مدوشنکا شامل تھے۔
پاکستان نے گال میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی، سری لنکا نے پاکستان کو جیت کے لیے 131 رنز کا ہدف دیا تھا جو پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا تھا۔