لائف اسٹائل

’ٹچ بٹن‘ سے مناظر ڈیلیٹ کیے جانے کی وجہ سے فلم اچھی نہیں بن سکی، سونیا حسین

ٹچ بٹن میں سونیا حسین نے گلوکار فرحان سعید اور فیروز خان کے ہمراہ کام کیا تھا، مذکورہ فلم عروہ حسین نے پروڈیوس کی تھی۔

معروف اداکارہ سونیا حسین نے انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ برس ریلیز کی گئی ان کی فلم سے متعدد مناظر ڈیلیٹ کیے گئے تھے، جس وجہ سے فلم کی کہانی متاثر ہوئی لیکن اس کے باوجود فلم نے اچھی کمائی کی۔

ٹچ بٹن میں سونیا حسین نے گلوکار فرحان سعید اور فیروز خان کے ہمراہ کام کیا تھا، مذکورہ فلم عروہ حسین نے پروڈیوس کی تھی۔

’ٹچ بٹن‘ کی شوٹنگ 2018 میں شروع کی گئی تھی اور اسے 2019 کے اختتام تک ریلیز کیے جانے کا امکان تھا، تاہم ایسا نہ ہو سکا تھا اور یہ متعدد مسائل کا شکار رہی تھی۔

طویل تاخیر کے بعد اسے نومبر 2022 میں ریلیز کیا گیا تھا اور فلم کی ریلیز سے کچھ عرصہ قبل ہی سونیا حسین نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں تاحال عروہ حسین نے معاوضہ نہیں دیا، لیکن بعد ازاں دونوں کے درمیان اختلافات ختم ہوگئے تھے اور انہوں نے ایک دوسرے کے خلاف بیانات دینا بند کردیے تھے۔

اب فلم کی ریلیز کے کئی ماہ بعد سونیا حسین نے انکشاف کیا ہے کہ فلم سے متعدد مناظر نکالے گئے، جس وجہ سے فلم کی کہانی متاثر ہوئی۔

سونیا حسین حال ہی میں جیو ٹی وی کے شو ’ہنسنا منع ہے‘ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے مذکورہ فلم سمیت شوبز کے دیگر مسائل پر بھی بات کی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بولی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کو بہترین اداکارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں ان کے ساتھ جڑواں بہن کے کردار کی پیش کش ہوئی تو وہ ضرور ان کے ساتھ کام کریں گی۔

انہوں نے اس تاثر کو مسترد نہیں کیا کہ وہ پریانکا چوپڑا کی ہم شکل نہیں۔

پروگرام کے دوران بات کرتے ہوئے سونیا حسین نے یہ انکشاف بھی کیا کہ شادیوں پر جانے کے لیے شوبز شخصیات لاکھوں روپے معاوضہ لیتے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہیں بھی متعدد بار شادیوں میں پیسوں کے عوض شرکت کی پیش کش کی گئی لیکن وہ کبھی کسی شادی میں شریک نہیں ہوئیں۔

ان کے مطابق شادیوں میں شرکت کرنے والی شوبز شخصیات کو دلہا یا دلہن کے قریبی دوست کے ناطے شرکت کرنے کا کہا جاتا ہے، جس کے عوض لاکھوں روپے دیے جاتے ہیں۔

ایک مداح نے ان سے سوال کیا کہ ان کا کیریئر بہت اچھا جا رہا تھا، پھر انہوں نے فلم ’ٹچ بٹن‘ میں کیوں کام کیا؟

اس پر سونیا حسین نے دعویٰ کیا کہ ’ٹچ بٹن‘ کامیاب گئی اور وہ چار ماہ تک سینماؤں میں لگی رہی۔

ان کے مطابق انہوں نے معلومات لے رکھی ہے، پروڈیوسرز نے بہت سارا پیسا کمایا اور یہ کہ فلم اچھی تھی۔

تاہم ساتھ ہی انہوں نے اعتراف کیا کہ فلم کی ریلیز کے وقت کچھ مسائل ہوئے، جس وجہ سے فلم تاخیر کا بھی شکار ہوئی اور یہ کہ فلم سے کچھ مناظر ڈیلیٹ ہونے کی وجہ اس کی کہانی بھی متاثر ہوئی۔

سونیا حسین نے اگرچہ اعتراف کیا کہ فلم سے بعض مناظر ڈیلیٹ کیے گئے، تاہم انہوں نے واضح نہیں کیا کہ فلم سے کون سے مناظر ڈیلیٹ ہوئے؟

سونیا حسین نے عروہ حسین کو 50 لاکھ ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا

نوٹس بھجوانے کے بعد عروہ کی جانب سے بات چیت شروع کی گئی، سونیا حسین

سونیا حسین کو غلط فہمی ہوئی ہوگی، عروہ حسین کا اداکارہ کے نوٹس سے متعلق جواب