کھیل

گال ٹیسٹ: پاکستان نے سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی

پاکستان نے سری لنکا کی جانب سے دیا گیا 131 رنز کا ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

پاکستان نے گال میں پہلے ٹیسٹ کے آخری روز سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی، اوپنر امام الحق 50 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

میچ کے چوتھے روز میزبان سری لنکا نے دوسری اننگز میں 279 رنز بنائے تھے اور پاکستان کو جیت کے لیے 131 رنز کا ہدف دیا تھا، جو پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، پہلی اننگز میں شاندار ڈبل سنچری اسکور کرنے والے مڈل آرڈر بلے باز سعود شکیل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

گال ٹیسٹ میں جب چوتھے روز کھیل کا اختتام ہوا تو پاکستان نے 131 کے ہدف کے تعاقب میں 3 وکٹوں پر 48 رنز بنائے تھے اور جیت کے لیے مزید 83 رنز درکار تھے۔

کھیل کے آخری روز کے آغٖاز پر پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 48 رنز بنائے ہوئے تھے، اسے جیت کے لیے 83 رنز درکار تھے اور کریز پر امام الحق اور کپتان بابر اعظم موجود تھے۔

امام الحق 25 اور کپتان بابراعظم نے 6 رنز سے ہدف کے تعاقب کا آغاز کیا، بابراعظم 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، ان کے بعد پہلی اننگز میں ڈبل سنچری بنانے والے بلے باز سعود شکیل 30 اور وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد صرف ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اس دوران اوپنر امام الحق نے اپنی نصف سنچری اسکور کی اور آغا سلمان کے ساتھ ٹیم کی فتح تک ناٹ آؤٹ رہے، آغا سلمان نے 6 رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے پراباتھ جے سوریا نے 4 وکٹیں حاصل کیں جب کہ ایک وکٹ رمیش مینڈس کے حصے میں آئی۔

میچ کی پہلی اننگز شاندار ڈبل سنچری بنانے اور دوسری اننگز میں 30 رنز بنانے پر مڈل آرڈر بلے باز سعود شکیل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میچ کے تیسرے روز مڈل آرڈر بلے باز سعود شکیل کی شان دار ڈبل سنچری کی بدولت پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں سری لنکا پر 149 رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد 461 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی، میچ کے چوتھے روز سری لنکا اپنی دوسری اننگز میں 279 رنز بنا سکی تھی اور یوں پاکستان کو جیت کے لیے 131 رنز کا ہدف ملا تھا۔

یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے جس کا آغاز پاکستان نے 4 وکٹوں کی فتح کے ساتھ کیا ہے۔

یاد رہے کہ گال میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ 24 سے 28 جولائی تک کولمبو میں کھیلا جائے گا۔

سیریز کے باقاعدہ آغاز سے قبل پاکستان نے دورہ سری لنکا میں اپنا پہلا میچ پریذیڈنٹ الیون کے خلاف دو روزہ وارم اپ میچ کھیلا جو ڈرا ہو گیا تھا۔

گال ٹیسٹ کے لیے پاکستان کی فائنل الیون میں کپتان بابر اعظم، عبداللہ شفیق، امام الحق، سعود شکیل، شان مسعود، سلمان علی آغا، سرفراز احمد، نسیم شاہ، نعمان علی، ابرار احمد، شاہین شاہ آفریدی شامل تھے۔

کراچی: معروف شاعر بیدل مسرور کا بیٹا لاپتا

ایشیا کپ 2023 کا شیڈول جاری، 2 ستمبر کو پاک-بھارت ٹاکرا ہوگا

بڑے ایئرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ کے خلاف سول ایوی ایشن کے ملازمین کا احتجاج