دسترخوان

جنوبی ایشیا کے مشہور اسٹریٹ فوڈ ’پانی پوری‘ پر گوگل کا ڈوڈل جاری

پانی پوری کو کئی ممالک میں ’گول گپے، پھچکا، پتاشے یا بتاشے بھی کہا جاتا ہے۔

گوگل نے جنوبی ایشیا کے مشہور اسٹریٹ فوڈ ’پانی پوری‘ کا ڈوڈل جاری کردیا ہے۔

پانی پوری کو کئی ممالک میں ’گول گپے، پھچکا، پتاشے یا بتاشے بھی کہا جاتا ہے، یہ بھارت، پاکستان اور بنگلادیش سمیت جنوبی ایشیائی ممالک کا مشہور اسٹریٹ فوڈ ہے۔

’پانی پوری‘ ایک اسٹریٹ فوڈ آئٹم ہے جو آلو، چنے، مسالے یا مرچوں سے بھرے کرسپی گول گپے ذائقہ دار پانی کے ساتھ پیش کیے جاتے ہیں۔

پاکستان اور بھارت کے ہر چھوٹے بڑے شہروں کے بازار، مرکزی شاہراہوں یا گلی کے کسی کونے میں پانی پوری اور گول گپے کی دکان میں بھیڑ دکھائی دیتی ہے، اور لوگ اسے شوق سے خرید کر کھاتے ہیں۔

ہر عمر کے لوگ پانی پوری کھانے کے شوقین دکھائی دیتے ہیں جسے ذوق و شوق سے پسند کیا جاتا ہے کیونکہ یہ بے وقت کی بھوک کو فوراً مٹا دیتا ہے۔

جب آپ کسی دکان سے پانی پوری خریدتے ہیں تو اسے بنانے کا طریقہ ہر جگہ مختلف ہوتا ہے، پوری کا سائز اتنا ہی پوتا ہے جتنا انگلی اور انگوٹھے کو ملا کر بیچ میں بننے والا دائرہ ہوتا ہے۔

پوری کو کھانے کے لیے مہارت چاہیے ہوتی ہے، کچھ لوگ تو بھیڑ میں بھی شرمندگی محسوس کیے بغیر بڑا منہ کھول کر باآسانی کھا لیتے ہیں، لیکن کچھ لوگ اسے الگ تھلک کھانا پسند کرتے ہیں۔

پوری میں اپنی انگلی سے سوراخ کریں پھر اس میں اپنے منتخب اجزا جیسا کہ ابلے ہوئے چنے، مسالے، ابلے ہوئے آلو کے ٹکڑے، باریک کٹی پیاز، پاپڑی، املی کی کھٹی میٹھی چٹنی ڈال کر مسالے دار کھٹے میٹھے پانی میں ڈالیں اور کھا جائیں۔

کھانے کے بعد آپ کے منہ سے پانی بھی نکل آئے گا اور آنکھوں سے آنسو بھی، لیکن اسے کھانے کا لمحہ انتہائی خوشگوار ہوتا ہے۔

پانی پوری بھارت سمیت مختلف ممالک میں 12 مہینے یکساں پسند کیے جاتے ہیں لیکن ہر جگہ اس کا معیار مختلف ہوتا ہے۔

آج (12 جولائی) کے دن گوگل کی جانب سے پانی پوری کا ڈوڈل بنایا گیا اور ساتھ ہی پانی پوری کی دلچسپ انیمیٹڈ گیمز بھی پیش کی گئیں۔

ڈوڈل بنانے کا مقصد یہ ہے کہ سنہ 2015 میں بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اندور کے ایک ریستوران نے 51 قسم کی مختلف پانی پوری کے مختلف ذائقے پیش کرکے عالمی ریکارڈ بنایا تھا۔

اب جب پانی پوری کی بات ہورہی ہے تو آج ہم آپ کو مزیدار پانی پوری کی ترکیب بھی بتاتے ہیں۔

پوری تیار کرنے کا طریقہ

سوجی (باریک): ایک کپ

میدہ: ایک کھانے کا چمچ بھر کے

پانی: حسب ضرورت

سوجی میں میدے کو اچھی طرح شامل کر کے پانی سے نرم گوندھ لیں، خیال رہے زیادہ سخت نہ ہو کیوں کہ سوجی پانی جذب کر کے سخت ہوجاتی ہے۔

اب اس گندھی سوجی کو ململ کے نم کپڑے یا ایئر ٹائٹ جار میں بند کر کے 20-25 منٹ کے لیے رکھ دیں۔

اب اس کا ایک چھوٹی روٹی کے برابر پیڑا لیں اور روٹی کی طرح پتلا پتلا بیل لیں، اس کے بعد گول گپوں کے سائز کے کسی سانچے یا کپ کی مدد سے پوریاں کاٹ کر 5 سے 10 منٹ کے ململ کے کپڑے سے ڈھک کر رکھ دیں۔

اس کے بعد مرحلہ آتا ہے پوریوں کو تلنے کا جو خاصہ تکنیکی ہے، تیل کو گرم کریں اور ایک پوری ڈالتے ساتھ ہی تلنے والے چمچ سے ہلکا ہلکا دبائیں اس طرح پوری پھول جائے گی۔

اس طرح ایک ایک کر کے باقی پوریاں تلتے جائیں اور انہیں نکال کر کسی چھنے یا جالی والے برتن میں رکھیں۔

نوٹ: پلیٹ یا کسی ڈبے میں رکھنے پر پوریاں نرم ہوسکتی ہیں۔

مسالہ دار پانی

گول گپوں کے ساتھ کئی طرح کی چیزیں پیش کی جاتی ہیں جس میں تیکھا پانی، میٹھی چٹنی، رائتہ وغیرہ شامل ہے لیکن یہاں ہم جو پانی بنانے کی ترکیب بتارہے ہیں اس کے ساتھ گول گپے کھانے پر یقیناً آپ کا ہاتھ نہیں رکے گا۔

املی: آدھی پیالی

نمک: ¼ چائے کا چمچ یا حسب ضرورت

چینی: ½ پیالی

کالا نمک: ایک چٹکی یا حسب ضرورت

بھُنا پسا زیرہ: ½ چائے کا چمچ

پسی سرخ مرچ: ¼ چائے کا چمچ یا حسب ضرورت

چاٹ مسالہ: ¼ چائے کا چمچ یا حسب ضرورت

املی کو ایک پیالی پانی میں بھگو دیں اور پھر اس کا گودا بیجوں سے الگ کرنے کے لیے چھان لیں۔

اب اس املی کے پانی میں ڈیڑھ گلاس مزید پانی شامل کر کے چولھے پر پکنے رکھ دیں اور زیرے کے علاوہ باقی تمام اجزا بھی شامل کرلیں اور ابال آنے دیں۔

اس دوران آپ تھوڑا سا پانی چکھ کر اپنے ذائقہ کے مطابق اجزا کی مقدار بڑھا بھی سکتے ہیں، اس کے بعد بھنا پسا زیرہ شامل کر کے ٹھنڈا کرلیں۔

پیش کرنے کا طریقہ

آدھی پیالی دہی میں چٹکی بھر نمک ایک کھانے کا چمچ چینی اور ¼ چائے کا چمچ چاٹ مسالہ شامل کریں۔

حسب ضرورت چنے اور آلو ابال کر چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ کر رکھ لیں۔

اب پوریوں میں سوراخ کر کے چند دانے چنے اور آلو کے اور دہی کا رائتہ حسب پسند ڈالیں اور کھٹے میٹھے پانی میں ڈبو کر لذیز گول گپوں کا لطف اٹھائیں۔

بازار سے خریدنے کے بجائے اب لذیذ گول گپے خود گھر میں بنائیں

افطار میں آج منفرد پیزا پوری بنائیں

منہ میں پانی بھر دینے والے چٹخارے دار گول گپے