سنیتا مارشل نے پوڈکاسٹ میں خود سے نامناسب سوالات کیے جانے پر خاموشی توڑ دی
ماڈل و اداکارہ سنیتا مارشل نے چند دن قبل خود سے پوڈکاسٹ میں کیے جانے والے انتہائی ذاتی اور نامناسب سوالات کیے جانے پر خاموشی توڑتے ہوئے شوبز شخصیات اور مداحوں کو اپیل کی ہے کہ وہ انٹرویو کرنے والے شخص کو مزید ہراساں نہ کریں۔
سنیتا مارشل نے حال ہی میں ’نادر علی‘ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی تھی، جہاں میزبان نے ان سے انتہائی ذاتی اور نامناسب سوالات کیے تھے، جس پر اداکارہ قدرے پریشان بھی دکھائی دی تھیں لیکن اس کے باوجود انہوں نے میزبان کو تحمل سے زبردست انداز میں جوابات دیے، جس پر ان کی تعریفیں بھی کی گئیں اور ساتھ ہی پوڈکاسٹ کے میزبان کو آڑے ہاتھوں بھی لیا گیا۔
نادر علی نے اپنے پوڈکاسٹ میں سنیتا مارشل سے پوچھا تھا کہ وہ مسیحی ہیں جب کہ ان کے شوہر اداکار حسن احمد مسلمان ہیں تو ان کے بچے کس مذہب کے پیروکار ہیں؟ جس پر اداکارہ نے بتایا تھا کہ ان کے بچے مذہب اسلام کے پیروکار ہیں۔
اس پر میزبان نے ان سے ایک بار پھر سوال کیا تھا کہ ان کا اسلام قبول کرنے کا کوئی ارادہ ہے؟ جس پر سنیتا مارشل نے واضح کیا تھا کہ ان کا ابھی ایسا کوئی ارادہ نہیں اور نہ ہی ان پر شوہر اور سسرال والوں کا ایسا دباؤ ہے۔
اسی حوالے سے اداکارہ نے واضح کیا تھا کہ اسلام میں مسیحی اور مسلمان کی شادی مذہب تبدیل کیے بغیر ہی جائز ہے۔
پوڈکاسٹ میں اداکارہ سے عقائد اور مذہب سے متعلق انتہائی ذاتی سوالات پوچھے جانے پر نادر علی کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا اور شوبز شخصیات سمیت عام افراد نے ان کے پوڈکاسٹ کا بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
لیکن اب سنیتا مارشل نے مذکورہ معاملے پر خاموشی توڑتے ہوئے پوڈکاسٹ کے میزبان کو مزید ہراساں نہ کرنے کی اپیل کردی۔
سنیتا مارشل نے انسٹاگرام پر اپنی نئی تصاویر شیئر کرتے ہوئے شوبز شخصیات اور مداحوں کا ساتھ دینے اور تعریفیں کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔
اداکارہ نے شوبز شخصیات اور مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سب سے اپیل کی کہ وہ پوڈکاسٹ کے میزبان کو مزید ہراساں نہ کریں۔
ساتھ ہی اداکارہ نے انٹرویو کرنے والے تمام میزبانوں کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ اس طرح کے انتہائی ذاتی سوالات کسی سے نہ کریں۔
سنیتا مارشل کی جانب سے پوڈکاسٹ کے میزبان پر مزید تنقید نہ کرنے کی اپیل کے بعد لوگوں نے ان کی تعریفیں کرتے ہوئے اداکارہ کے لیے لکھا کہ یہ ان کا بڑا پن ہے کہ وہ انٹرویو کرنے والے شخص کے حق میں آگئیں۔