لائف اسٹائل

شوبز شخصیات کے خلاف ’تضحیک آمیز‘ تبصرہ کرنے پر عروہ حسین کی ریحام خان پر تنقید

شوبز شخصیات اسکرین پر اچھی دکھائی دیتی ہیں لیکن وہ سیاست پر رائے رکھنے کی ماہر نہیں، ریحام خان کا تبصرہ

نامور صحافی اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان کی جانب سے شوبز شخصیات کے خلاف ’تضحیک آمیز‘ تبصرہ’ کرنے پر اداکارہ عروہ حسین نے مایوسی کا اظہار کیا۔

ریحام خان نے 12 جون کو سماجی پلیٹ فارم ٹوئٹر پر لکھا کہ پاکستان میں صرف دلہن کے جوڑوں اور لان کے لباس کی خریداری کے لیے منزلِ مقصود نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ’آئیں اور اس ملک میں رہیں، مقامی کمیونٹی میں سرمایہ کاری کریں، بیرون ملک مقیم وہ پاکستانی جو اپنی ملازمتیں نہیں چھوڑنا چاہتے لیکن پاکستانی سیاست میں اپنی رائے دینے کے لیے ماہر ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں انہیں زمینی حقائق کے بارے میں آگاہی کی ضرورت ہے۔‘

ریحام خان نے مزید لکھا کہ شوبز شخصیات اسکرین پر اچھی دکھائی دیتی ہیں لیکن وہ سیاست پر رائے رکھنے کی ماہر نہیں کیونکہ انہوں نے کبھی عام انسان کی طرح زندگی نہیں گزاری ہوتی۔

ریحام خان کی ٹوئٹ کے جواب میں عروہ حسین نے اپنا جارحانہ ردعمل دیا۔

اداکارہ نے کہا کہ وہ مقامی کمیونٹیز میں سرمایہ کاری کے تصور سے اتفاق کرتی ہیں لیکن انہوں نے شوبز شخصیات کے خلاف تضحیک آمیز تبصروں پر مایوسی کا اظہار کیا۔

سماجی پلیٹ فارم انسٹاگرام پر طویل انسٹا اسٹوری پر لکھا کہ ’میں آپ کے سرمایہ کاری کرنے سے متعلق بیان سے اتفاق کرتی ہوں لیکن جہاں تک شوبز شخصیات کے خلاف تضحیک آمیز تبصرے پر بات آتی ہے تو میں اس سے بالکل اتفاق نہیں کرتی‘۔

عروہ نے لکھا کہ ’آپ کی معلومات میں اضافہ کرنے کے لیے مجھ سمیت ہم میں سے بہت لوگوں نے اپنے بل بوتے پر محنت کرکے کامیابی کا سفر طے کیا ہے، اور ہماری آرٹ انڈسٹری کو مستحق پہچان دلوانے کے لیے ہم آج بھی محنت کر رہے ہیں، یہی انڈسٹری ہمارے ملک کی نمائندگی کرتی ہے اور پوری دنیا میں عزت اور محبت حاصل کر رہی ہے۔‘

اداکارہ نے نشاندہی کی کہ ریحام خان نے خود اپنے کیریئر کا آغاز پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) پر بطور چائلڈ ایکٹر کے طور پر کیا تھا، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ بھی ایک دور میں تفریحی دنیا سے وابستہ تھیں۔

عروہ نے لکھا کہ ’شوبز شخصیات کے خلاف آپ کا تعصب معنی نہیں رکھتا، جہاں تک مجھے یاد ہے کہ آپ نے بطور چائلڈ اسٹار اداکارہ کے طور پر پی ٹی وی سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا تھا اور میں یقینی طور پر یہ نہیں سمجھتی کہ اس سے آپ صرف اسکرین کی حد تک محدود رہ سکتی ہیں اور نہ ہی ایسا کرنے سے آپ پاکستانی سیاست پر رائے رکھنے کے لیے کسی پاکستانی شہری سے کم ہیں۔‘

عروہ حسین نے کہا کہ ’میں دوسری وجوہات بھی دے سکتی ہوں کہ آپ کیوں سیاست پر رائے رکھنے کی ماہر نہیں ہیں‘، اداکارہ نے مزید کہا کہ آپ کی طرف سے باصلاحیت اور محنتی افراد کے خلاف نفرت اور تنقید کرنے کو بالکل نہیں سراہتی، کیونکہ میں خود فخر کے ساتھ ان محنتی اور باصلاحیت افراد کا حصہ ہوں۔

عروہ نے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ’قابل احترام، مشہور افراد کو نشانہ بنانے کی کوشش کرنے سے پہلے اپنے نقطہ نظر پر توجہ دیں۔‘

اداکارہ نے اپنے ردعمل کے نیچے لکھا کہ معافی مانگنے میں شرم محسوس نہ کریں، جیسا کہ ہم ’مشہور شخصیات‘، محنتی ہونے کے علاوہ مہربان اور پرامن بھی ہوتے ہیں۔

اس سے قبل بھی ریحام خان نے شوبز شخصیات پر تنقید کی تھی جب اداکاروں نے 2022 میں قومی اسمبلی میں عدم اعتماد کے دوران عمران خان کی حمایت کی تھی۔

ریحام خان نے کہا تھا کہ اداکاروں کو ان کے آرٹ کی وجہ سے عزت ملتی ہے، انہیں ایک فاشسٹ حکومت کی حمایت نہیں کرنی چاہیے۔

ریحام خان نے فنکاروں کو اس وقت تنقید کا نشانہ بنایا تھا جب 2022 میں متعدد شوبز شخصیات نے عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد قومی اسمبلی میں پیش ہونے کے بعد ان کی حمایت کی تھی۔

شوبز شخصیات کی جانب سے عمران خان کی حمایت کرنے پر ریحام خان نے کسی بھی اداکار کا نام لیے بغیر فنکاروں کو کہا تھا کہ انہیں فاشسٹ حکومت کی طرفداری نہیں کرنی چاہیے۔

اس وقت بھی ریحام خان کو شوبز شخصیات سمیت دیگر لوگوں نے بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

شوبز شخصیات کی ریحام خان پر سخت تنقید

عمران خان نے طلاق کو میرے خلاف استعمال کیا، ریحام خان

عروہ حسین کا فرحان سعید سے طلاق پر وضاحت دینے سے گریز