اپنی انا، ذات، ذاتی خواہشات کو پاکستان کے عظیم تر مقاصد سے بالا تر سمجھنے والے عناصر گمراہ ہیں، شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اپنی انا، ذات، ذاتی خواہشات کو پاکستان کے عظیم تر مقاصد سے بالا تر سمجھنے والے عناصر گمراہ ہیں۔
آرمی قبرستان میں یادگار شہدا پر حاضری کے موقع پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے ان شہدا کی بے حرمتی کی، انہوں نے نہ صرف اللہ کو ناراض کیا بلکہ وہ اس قوم کے سامنے بھی مجرم ہیں.
ان کا کہنا تھا کہ یوم تکریم شہدا کا سب سے بڑا پیغام یہ ہے کہ جو عناصر اپنی انا، اپنی ذات، اپنی ذاتی خواہشات کو پاکستان کے عظیم تر مقاصد سے بالا تر سمجھتے ہیں، وہ گمراہ ہیں، جو اپنی ذات کو مقدم رکھ کر تمام عظیم مقاصد کو قربان کرنا چاہتے ہیں، وہ صحیح راہ پر نہیں۔
انہوں نے کہا کہ دعا کرتے ہیں کہ سپہ سالار دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی توانیاں بروئے کار لائیں جو کہ وہ لا رہے ہیں اور میں ان سے وعدہ کرتا ہوں کہ میں اور میری حکومت ان نیک مقاصد کے لیے آپ کے ساتھ ہیں، پوری قوم کے ساتھ ہیں۔