کھیل

بسمہ کی ففٹی رائیگاں، ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان ویمن ٹیم کو بھارت سے شکست

بھارت نے جمائما روڈریگوئز کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت ٹی20 ورلڈ کپ کے میچ میں پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔

بھارت نے جمائما روڈریگوئز کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت ویمن ٹی20 ورلڈ کپ کے میچ میں روایتی حریف پاکستان کو شکست دے کر ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی حاصل کر لی۔

کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدا میں کچھ اچھا ثابت نہ ہوا۔

پاکستان کی ٹیم ابتدا ہی میں جویریہ خان کی خدمات سے محروم ہو گئی لیکن اس کے بعد کپتان بسمہ معروف نے مل کر اسکور کو 42 تک پہنچا دیا۔

اس موقع پر کو یکے بعد دیگرے دو نقصانات اٹھانے پڑے جب منیبہ علی کے ساتھ ساتھ ندا ڈار بھی پویلین لوٹ گئیں۔

43 رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد سدرہ امین نے کپتان بسمہ کے ہمراہ مل کر اسکور کو 68 تک پہنچایا لیکن رادھا یادو نے سدرہ کو آؤٹ کر کے پاکستان کو چوتھا نقصان پہنچایا۔

اس مرحلے پاکستانی ٹیم مشکلات سے دوچار نظر آتی تھی کیونکہ 12 اوورز کا کھیل ہو چکا تھا اور قومی ٹیم کی بڑے اسکور تک رسائی مشکل نظر آتی تھی لیکن عائشہ نسیم اور بسمہ معروعف نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو معقول مجموعے تک رسائی دلائی۔

دونوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 47 گیندوں پر 81 رنز کی شراکت قائم کر کے پاکستان کو مقررہ اوورز میں 149 رنز کے مجموعے تک رسائی دلائی۔

بسمہ نے 55 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 68 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ عائشہ نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 43 رنز کی عمدہ اننگز تراشی۔

ہدف کے تعاقب میں بھارتی اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 38 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اس موقع پر سعدیہ اقبال نے پاکستان کو پہلی کامیابی دلاتے ہوئے یسکتا بھاٹیہ کو چلتا کردیا۔

شفالی ورما نے جمائمہ کے ساتھ ساجھے داری قائم کرتے ہوئے اسکور کو 65 تک پہنچایا لیکن نشرہ سندھو نے شفالی کی 33 رنز کا خاتمہ کردیا۔

نشرہ سندھو نے جلد ہی پاکستان ایک اور اہم کامیابی دلائی اور اسٹار بلے باز اور کپتان ہرمن پریت کور کو 16 رنز پر چلتا کر کے پاکستان کو تیسری کامیابی دلا دی۔

اختتامی چار اوورز میں بھارت کو فتح کے لیے 41 رنز درکار تھے لیکن ریچا گھوش اور جمائمہ نے یکے بعد دیگرے چوکے لگاتے ہوئے ایک اوورز قبل ہی اپنی ٹیم کو 7 وکٹوں کی فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

ریچا نے 20 گیندوں پر 31 جبکہ جمائمہ نے 38 گیندوں پر 53 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور مین آف دی میچ قرار دی گئیں۔