’جوائے لینڈ‘ کو بھارت میں ریلیز کیے جانے کا امکان
خبریں ہیں کہ عالمی ایوارڈ یافتہ فلم ’جوائے لینڈ‘ کو جلد ہی بھارت میں ریلیز کیا جائے گا اور ساتھ ہی فلم کو اسرائیل میں بھی ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔
’جوائے لینڈ‘ کو نومبر 2022 میں پاکستان میں ریلیز کیا گیا تھا، تاہم اس سے قبل فلم کو ’کانز‘ اور ’ٹورنٹو‘ سمیت دیگر فلم فیسٹیولز میں پیش کیا جا چکا تھا۔
’جوائے لینڈ‘ کو دنیا کے دیگر ممالک میں بھی ریلیز کیا جا چکا ہے اور متعدد ممالک میں اسے جلد ریلیز کیے جانے کا امکان ہے جب کہ اسے اسٹریمنگ ویب سائٹس پر بھی دکھائے جانے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
خبریں ہیں کہ ’جوائے لینڈ‘ کو مشرقی یورپ، لاطینی امریکا، اٹلی اور اسرائیل میں ریلیز کرنے کے لیے فلم کی ٹیم امریکی اسٹریمنگ ویب سائٹ ’ایچ بی او میکس‘ سے مذاکرات کر رہی ہے۔
علاوہ ازیں فلم کی ٹیم نے دعویٰ کیا ہے کہ ’جوائے لینڈ‘ کو بھارت میں بھی ریلیز کیا جائے گا اور اس حوالے سے ایک ڈسٹری بیوشن کمپنی سے بات چیت مکمل ہوچکی۔
انگری اخبار ’ایکسپریس ٹربیون‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ’جوائے لینڈ‘ کی ٹیم نے تصدیق کی کہ ان کی فلم کو بھارت میں ریلیز کیا جا رہا ہے۔
رپورٹ میں فلم کی ٹیم کے ارکان کا نام نہیں بتایا گیا، تاہم دعویٰ کیا گیا کہ ’جوائے لینڈ‘ کو ’پی وی آر‘ نامی ڈسٹری بیوشن کمپنی کے ذریعے بھارت میں ریلیز کیا جائے گا۔
رپورٹ میں اس بات کی تصدیق نہیں کی گئی کہ ’جوائے لینڈ‘ کو کب تک بھارت میں پیش کیا جائے گا، تاہم بتایا گیا کہ اسے جلد ہی وہاں ریلیز کردیا جائے گا۔
اگر ’جوائے لینڈ‘ کو بھارت میں ریلیز کیا گیا تو یہ گزشتہ ایک دہائی بعد پہلی پاکستانی فلم ہوگی، جسے پڑوسی ملک میں ریلیز کیا جائے گا۔
اس سے قبل فلم ساز شعیب منصور کی فلم کو بھارتی سینماؤں میں پیش کیا گیا تھا۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان 2016 کے بعد سیاسی کشیدگی بڑھنے پر دونوں ممالک میں ایک دوسرے کی فلموں کی نمائش پر پابندی عائد کی گئی تھی جب کہ بھارت نے پاکستانی فنکاروں کے انڈیا میں کام کرنے پر بھی پابندی عائد کی تھی۔
’جوائے لینڈ‘ سے قبل گزشتہ ماہ دسمبر میں امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ فواد خان، ماہرہ خان اور حمزہ علی عباسی کی فلم ’دی لیجنڈ: آف مولا جٹ‘ کو بھارت میں پیش کیا جائے گا، تاہم ایسا نہیں ہوسکا تھا۔
اب خیال کیا جا رہا ہے کہ ’جوائے لینڈ‘ کو وہاں ریلیز کیا جائے گا، کیوں کہ مذکورہ فلم کے پروڈیوسرز اور ایڈیٹرز میں بھارتی افراد بھی شامل ہیں جب کہ اس کے ایگزیکٹو پروڈیوسرز میں بھی بھارتی شخصیات شامل ہیں۔
’جوائے لینڈ‘ کو گزشتہ برس ’کانز‘ فلم فیسٹیول میں پیش کیا گیا تھا، جہاں اس نے ’پامیر کوئیر‘ ایوارڈ بھی جیتا تھا۔
فلم کو کہانی کی وجہ سے پاکستان میں تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور اس پر ابتدائی طور پر پابندی بھی عائد کی گئی تھی، تاہم بعد ازاں اسے جزوری طور پر ملک بھر میں دکھایا گیا تھا۔
ہدایت کار صائم صادق کی اس فلم کی کاسٹ میں سرمد کھوسٹ، ثروت گیلانی، علینا خان، سہیل سمیر، سلمان پیر، ثانیہ سعید، کنول کھوسٹ، زویا احسن، ثنا جعفری اور قاسم عباس سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔
’جوائے لینڈ‘ کی کہانی ایک ایسے نوجوان کے گرد اور مخنث ڈانسر کے گرد گھومتی ہے جو ڈانس کلب میں کام کرنے کے دوران ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہو جاتے ہیں۔
فلم کو کہانی کے اچھوتے موضوع کی وجہ سے کافی سراہا گیا اور پاکستان جیسے معاشرے میں معیوب سمجھے جانے والے موضوع پر فلم بنانے کی وجہ سے ہی اس کی ٹیم کو اعلیٰ ترین عالمی ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔