کھیل

’سرفراز احمد اب ہاکی کھیل رہا ہے‘، ٹوئٹر پر دلچسپ تبصرے

سرفراز احمد کو شان دار سنچری کے ذریعے پاکستان کو شکست سے بچانے پر میچ کے ساتھ ساتھ سیریز کا بھی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پاکستان نے سرفراز احمد کی شان دار سنچری کی بدولت نیوزی لینڈ کے خلاف دومیچوں کی سیریز کا آخری میچ نتیجہ خیز ہونے سے بچالیا اور سیریز برابری پر ختم ہوگئی۔

80 رنز پر پانچ وکٹیں گرنے کے بعد سرفراز احمد کا ساتھ دینے سعود شکیل آئے، دونوں نے 123 رنز کی طویل شراکت قائم کرکے پاکستان کو ایک مستحکم پوزیشن پر لاکھڑا کیا اور ٹیم کو جیت کی امید دلائی۔

سابق کپتان سرفراز نے مرد بحران کا کردار ادا کرتے ہوئے اپنی ذمہ دارانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور 135 گیندوں پر ٹیسٹ کیریئر کی چوتھی سنچری مکمل کی جس کی بدولت پاکستان شکست سے بچ گیا اور میچ برابری پر ختم ہو گیا۔

سرفراز احمد کو شان دار سنچری کے ذریعے پاکستان کو شکست سے بچانے پر میچ کے ساتھ ساتھ سیریز کا بھی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ان کی اس اعلیٰ کارکردگی کو کھلاڑیوں، صحافیوں، سیاست دانوں اور مداحوں نے سراہتے ہوئے دلچسپ تبصرے کیے۔

صحافی فرحان محمد خان نے طنزیہ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ سرفراز کی کرکٹ ختم ہوگئی، وہ اب ہاکی کھیل رہا ہے۔

ایک صارف نے لکھا کہ ایک بار رمیز راجا نے کہا تھا کہ سرفراز احمد کا کیرئیر تقریباً ختم ہو گیا، اور بتاؤ رمیز راجا تمہارا یوٹیوب چینل کیسا چل رہا ہے؟

سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے سرفراز احمد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو آپ پر فخر ہے۔

فاسٹ باؤلر محمد عامر نے کہا کہ بابو! آپ صحیح معنوں میں چیمپئن ہیں، اللہ نظر سے بچائے۔

احسان قریشی نے ان کی ویڈیو شیئر کی جس میں سرفراز احمد نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے آنر بورڈ پر اپنا نام درج کر رہے ہیں۔

یوٹیوبر اور اداکار ارسلان نصیر نے بھی ٹوئٹر پر سرفراز احمد کی کارکردگی کو سراہا۔

ایک صارف نے ٹوئٹ میں بتایا کہ سرفراز، پاکستان کی جانب سے کسی بھی سیریز میں وکٹ کیپر کی جانب سے تاریخ میں زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔

قومی ٹیم کے لیگ اسپنر شاداب خان نے لکھا کہ یہ وضاحت نہیں کرسکتا کہ سیفی بھائی ہماری نسل کے لیے کتنی اہمیت رکھتے ہیں۔

ڈاکٹر نعمان نیاز کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد نے آج کا دن جیت لیا۔

آئی سی سی نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے سرفراز احمد کی اننگ کو بہترین قرار دیا۔

ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ میں نے سنچری کے بعد کسی کھلاڑی کے ایسے جذبات نہیں دیکھے، آپ نے اپنے ناقدین کے منہ بند کردیے اور انہیں غلط ثابت کر دیا۔

جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے لکھا کہ سرفراز آپ بہترین ہیں۔

صحافی سلیم خالق نے رائے کا اظہار ان الفاظ میں کیا کہ سرفراز احمد چھا گئے۔

اویناش آریان نے لکھا کہ سیفی بھائی بابر اعظم کو چھوٹے بھائی کی طرح سمجھتے ہیں، اور جب بڑا بھائی رنز بنائے تو چھوٹا بھائی خوش تو ہوگا۔

سرفراز کی شاندار سنچری، پاک-نیوزی لینڈ ٹیسٹ برابری پر ختم، سیریز ڈرا

نیوزی لینڈ کےخلاف ون ڈے سیریز کیلئے ٹیم کا اعلان، انجرڈ شاداب باہر، حارث سہیل کی واپسی

کراچی ٹیسٹ: نیوزی لینڈ کا پاکستان کو 319 رنز کا ہدف، 2 بلے باز صفر پر آؤٹ